خیرپور (بیورو رپورٹ) پی ایس 31 کے مجلس وحدت المسلمین کے امیدوار رئیس قائم خان مری نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی نے 10برس تک سندھ میں تباہی مچائی اب اس کا زوال شروع ہو چکا ہے،۔ وہ ٹنڈومستی کے قریب گوٹھ لعل بخش کاندھڑو میں انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ رئیس قائم خان مری ٹنڈومستی سے ریلی نکال کر گوٹھ لعل بخش پہنچے تھے ان کی ریلی میں سیکڑوں افراد شریک تھے جو مختلف دیہات سے جلوسوں کی صورت میں ٹنڈومستی پہنچے تھے۔ انتخابی جلسے میں درجنوں افراد نے مجلس وحدت المسلمین میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ رئیس قائم خان مری نے کہاکہ پیپلز پارٹی کا دور ظلم زیادتی کرپشن کا دور تھا، ظلم و زیادتی کے دور کے تحلیل ہونے پر سندھ میں ہزاروں افراد نے شکرانے کے نوافل ادا کئے ، عوام کا جوش وجذبہ دیکھ کر لگ رہا ہے کہ عوام کی دعائیں قبول ہو گئی ہیں، 25 جولائی کو پیپلزپارٹی سے چھٹکارا حاصل ہو جائے گا، انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے 10برس تک لوٹ مار کی، ترقیاتی منصوبوں پر کمیشن لی، انہوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والوں کو سزا ئیں دلائیں گے۔ انتخابی جلسے سے مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید احمد اقبال رضوی اور علاقہ معززین زوار رمز علی کاندھڑو، ریاض حسین کاندھڑو اور جاوید علی نے خطاب کیا۔