کراچی......چار سدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد کراچی کے تعلیمی اداروں کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں، طلبا کو تربیتی مشقیں بھی کروائی جائیں گی۔
ملک کے مختلف حصوں میں تعلیمی اداروں پر دہشت گرد حملوں کے پیش نظر اب کراچی میں بھی حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں،جامعہ کراچی انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کے مابین ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہےکہ جامعہ کی چار دیواری کو 8فٹ بلند کر کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے۔
اسی طرح ڈائریکٹر جنرل کالجز کراچی نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تربیتی مشقیں شروع کرانے کا عندیہ دیتے ہوئے سیکورٹی پلان جاری کردیا۔
منصوبے کے تحت تمام سرکاری کالجز میں چوکیداروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا اور متعلقہ پولیس اسٹیشن اور ضلعی انتظامیہ سے بھی رابطہ رکھا جائے گا۔