لاہور،کراچی (نمائندہ جنگ،مانیٹر نگ سیل) سکیورٹی فورسز الیکشن سبوتاژ کرنے کا منصوبہ ناکام بنادیا کراچی،ملتان،ڈیرہ غازی خان اور لاہور سے 13 دہشتگرد کوگرفتار کرلیا، ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملتان نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان کے چار دہشت گردوں کو اسلحہ اور بارودی مواد سمیت ملتان بائی پاس کے قریب سے گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، گرفتار دہشت گردوں کے نام عبدالسلام ،لیاقت ، واجد اللہ اورمحمد احمد ہیں۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے کی گئی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ دہشتگردوں کا نشانہ ملتان کے اہم سیاسی رہنمائوں کے علاوہ 2018کے الیکشن میں تخریبی کاروائیاں کرنا بھی تھا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5ہینڈ گرنیڈز اور دیگر اسلحہ کے ساتھ ساتھ حساس نقشے اورجہادی لٹریچر بھی بر آمد کیا گیا۔ مزید تفتیش میں ملزمان کی طرف سے بتائے گئے انکے ساتھیوں کے ٹھکانوں پر بھی کاروائیاں کی جا رہی ہیں ۔ واقعے کا مقدمہ پولیس اسٹیشن سی ٹی ڈی ملتان میں درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی جنید شیخ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت ابوبکر ، محمد جواد ، ابراہیم اور فہد سے ہوئی ہے ۔ پولیس نے چاروں ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان، لشکر جھنگوی اور انصارالشریعہ سے بتایا ہے۔دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گرد اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور، ڈیرہ غازی خان، اٹک، سیالکوٹ، میانوالی اور فیصل آباد میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز اور چیکنگ کی۔ ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشنز اور چیکنگ کے دوران 5 دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ترجمان آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری لاہور اور ڈیرہ غازی خان سے ہوئی ہے جب کہ 24 مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔