گجرات ( صباح نیوز) گجرات میں شہری انتظامیہ کی جانب سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو کار ریلی نکالنے کی اجازت نہ مل سکی۔ڈپٹی کمشنر گجرات کے مطابق پیپلزپارٹی کو کار ریلی کی اجازت نہیں دی گئی،انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق ریلی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کار ریلی سکیورٹی خدشات کا باعث بن سکتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کے جلسے کی درخواست منظور کرلی گئی ،پیپلز پارٹی منظور شدہ مقام پر جلسہ منعقد کر سکتی ہے۔واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی اور پارٹی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں پورے ملک کے مختلف شہروں کا دورہ کر رہے ہیں۔