تالاش ،مہمند (نامہ نگار،نمائندہ جنگ ) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر اور این اے7 لوئر دیر سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 25جولائی کو دو تہذیبوں کے درمیان جنگ اور مقابلہ ہے، ایک طرف سیکولر ز طاغوتی قوتیں ہیں جبکہ دوسری جانب نظام مصطفٰی کے علمبردار لوگ ہیں، ڈانس کلچر کو فروغ دینے والوں کو شکست دینگے، میری جنگ نئی نسل اور نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لئے ہے،دو بار سنیئر وزارت رکھنے کے باوجود کوئی کوٹھی، بنگلہ نہیں بنایا،عوام نے ایم ایم اے کو مو قع دیا تو بے روزگاری، کرپشن کے خاتمے کے ساتھ ساتھ صحت کی سہولیات فراہم کریں گے ، وہ تیمرگرہ میں یوتھ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔مہمند میں جماعت اسلامی جلسہ کا سٹیج گرنے سے سینیٹر سراج الحق سمیت دیگر قائدین گرپڑے،سیکورٹی اہلکار،کارکنوں کو چوٹیں آئیں، یوتھ کنونشن سے این اے سات کے امیدوار مولانا اسد اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا،سراج الحق نے کہا ایم ایم اے کا کوئی بھی امیدوار نیب زدہ ہے اور نہ ہی کوئی کرپشن میں ملوث ہے، ملک کے سرمایہ دار اور جاگیر داروں نے اس وقت میڈیا کو خرید رکھا ہے لیکن انشاء اللہ فتح ایم ایم اے ہی کی ہوگی ، خیبر پختونخوا میں کوئی مائی کا لعل ایم ایم اے سے الیکشن نہیں جیت سکتا،نئی نسل اور نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لئے میدان عمل میں نکلے ہیں ۔