اسلام آباد(آئی این پی ) وزارت داخلہ نے آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل سے نکال دیا‘دونوں شخصیات کے نام سیکریٹری داخلہ کے حکم پر نکالے گئے۔ تفصیلات مطابق وزارت داخلہ نے بے نامی اکانٹس اور منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا ہے۔ذرائع کے مطابق سیکریٹری داخلہ کے حکم پر چند روز قبل سمری تیار ہوئی تھی جس کی روشنی میں دونوں شخصیات کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان کے ریمارکس کی روشنی میں دونوں شخصیات کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یاد رہے ایف آئی اے نے نجی بینک سے منی لانڈرنگ کے کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا تھا اور اس حوالے سے انہیں پوچھ گچھ کے لیے طلب بھی کیا گیا تھا تاہم دونوں شخصیات کے وکلا ایف آئی اے میں پیش ہوئے۔