• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن کس کابینہ نے جاری کیا؟ مریم اورنگزیب

لاہور (خصوصی نمائندہ) مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہمیں بتایا جائے کہ ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف کا ٹرائل جیل میں کرنے کا نوٹیفکیشن کس کابینہ نے جاری کیا تھا؟ تمام منفی ہتھکنڈوں کے باوجود نواز شریف کو مائنس کرنے کے حربے ناکام ہو چکے ہیں، وہ جیل سے بھی کروڑوں پاکستانیوں کے دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں، ساری انتقامی کارروائیاں صرف مسلم لیگ ن کیخلاف کی جا رہی ہیں جبکہ لاڈلے کو مکمل استثنیٰ مل رہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ کابینہ کے فیصلے کا نوٹیفکیشن آیا ہے کہ نواز شریف کا ٹرائل جیل کی بجائے اوپن کورٹ میں ہو گا لیکن مسلم لیگ ن کا سوال ہے کہ 3 دفعہ ملک کا منتخب وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف کا ٹرائل جیل میں کرنے کا نوٹیفکیشن کس کابینہ نے جاری کیا تھا؟ ہمیشہ یہ کیوں ہوتا ہے کہ نواز شریف کے حق میں آواز اٹھانے کے بعد ہی فیصلے تبدیل کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی صاحبزادی کے ہمراہ خود گرفتاری دینے آئے اور یہ گرفتاری نیب کے 2 افسر اور پولیس کے 2 اہلکار بھی کر سکتے تھے لیکن سینکڑوں کی تعداد میں فورسز کو ایئرپورٹ پر تعینات کرکے خوف کی فضاء پیدا کی گئی اور سابق وزیر اعظم کی تضحیک کی گئی، اس ساری کارروائی سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی جس کا جواب دینا پڑے گا۔
تازہ ترین