لاہور (نمائندہ جنگ/جنگ نیوز) سابق وزیر اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد آج لاہور کی احتساب عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ انہیں آشیانہ اقبال مبینہ کرپشن کیس میں نیب نے گرفتار کر رکھا ہے۔ ترجمان نیب کے مطابق، آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں فواد حسن فواد نے لاہور میں جج نجم الحسن کی عدالت میں پیش ہونا تھا تاہم گلگت بلتستان کورٹ میں پیشی کےباعث وہ لاہور نہ آ سکے۔ نیب عدالت نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر فواد حسن فواد کو گلگت بلتستان کی عدالت میں پیش کرنے کی اجازت دی تھی جبکہ 6 جولائی کو انہیں 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا گیا تھا۔ ترجمان نیب کے مطابق، فواد حسن فواد نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکیم کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کو دے کر قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا تھا۔ اُدھر، نیب لاہور کیجانب سے زیرتفتیش 2 مختلف کرپشن کیسز میں 4 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، سٹیٹ لائف انشورنس کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میں 2 ملزمان محمد اشرف اور پٹواری محمد آصف کو مبینہ طور پر سوسائٹی کیلئے 272 کنال زمین، جس کی مالیت لگ بھگ 18 کروڑ 2 لاکھ روپے تھی، کی خرید و فروخت میں ہونیوالی مالی بدعنوانی میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم پٹواری آصف حبیب نے مبینہ طور پر جعلی فرد کے ذریعے اصل مالکان کی بجائے دیگر شریک ملزمان کے نام زمین کی ملکیت ظاہر کرتے ہوئے 20 کنال 6 مرلہ زمین سٹیٹ لائف ہاؤسنگ انتظامیہ کو فروخت کی۔ مذکورہ کیس میں نیب حکام کیجانب سے پہلے ملزم عابد پٹواری کو گرفتار کیا گیا تھا جس سے تحقیقات کی روشنی میں دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ ملزمان نے موضع دیو خرد کلاں کے ریونیو اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے مالی فوائد حاصل کئے جو سٹیٹ لائف انشورنس کوآپریٹو سوسائٹی کیلئے مالی نقصان کا موجب بنے۔ دھوکہ دہی اور فراڈ کے ذریعے عوام کو لگ بھگ 11 ارب روپے سے محروم کئے جانے کے کیس میں مزید 2 ملزمان جنرل مینجر پنجاب برائے ایم این ایم موٹر سائیکلز، محمد ساغر نثار اور سٹاکسٹ نوید اظہر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان کو سینکڑوں متاثرین کو سستی موٹر سائیکلوں کی فراہمی کے نام پر خطیر رقوم سے محروم کرنیکے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم نیب لاہور ایم این ایم کرپشن کیس میں مجموعی طور پر 30 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لا چکا ہے جن سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ تمام ملزمان سے عوام کی لوٹی گئی اربوں روپے کی رقوم کی واپسی ممکن بنائی جا سکے۔ نیب حکام کیجانب سے چاروں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے انہیں گزشتہ روز احتساب عدالت لاہور کے روبرو پیش کر دیا گیا۔ تاہم احتساب عدالت کیجانب سے چاروں ملزمان نوید اظہر، محمد آصف حبیب، محمد اشرف اورملزم ساغر نثار کا 14روزہ ریمانڈ جاری کر دیا گیا ہے۔