دنیا بھر میں مشہورو معروف اداکارہ اورفیشن ماڈل نکول کڈمین نے گزشتہ دنوں اپنی51 ویں سالگرہ منائی۔نکول 20 جون 1967ء کو امریکا میں پیدا ہوئیں، وہ اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ماڈلنگ اور گلوکاری کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں۔ 2006ء میں نکول کو آسٹریلیا کا سب سے بڑا شہری اعزاز کمپینیئن آف دی آرڈر آف آسٹریلیا دیا گیا۔ نکول فلمی نگری میں سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والی اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہیں ۔ نکول کڈمین نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1989ء میں سنسنی خیز فلم ’Dead Calm‘ کے ذریعے کیا۔ ڈیز آف تھنڈر، ٹوڈائی فار اور Moulin Rouge میں نکول کی کارکردگی کو ناقدین نے بھرپور انداز میں سراہا جبکہ ’دی آورز‘ میں اداکاری پرنکول کو کئی معروف فلمی اعزازات سے نوازا گیا ،جس میں بہترین اداکارہ کے لیے اکیڈمی ایوارڈ، بافٹا ایوارڈ اور گولڈن گلوب ایوارڈ شامل ہیں۔نکول نے ہولی وڈ کے معروف اداکار ٹام کروز کے ساتھ شادی کی جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی جس کےبعد انھوں نے معروف موسیقار کیتھ اربن سے شادی کی۔
نکول کی خوبصورتی اور فٹنس کا راز
رواں سال دسمبر میں ریلیز کی جانے والی فلم ’’ ایکوا مین ‘‘ میں نکول کڈ مین ’’ کوئن اٹلانّا‘‘ کا کردار نبھا رہی ہیں اور اپنے سے 20 سال چھوٹی امبر ہرڈ سے کسی طور کم دکھائی نہیں دے رہیں۔ نکول کڈ مین عمر کی نصف سینچری گزار چکی ہیں لیکن آج بھی وہ کئی ادکارائوں سے زیادہ جوان اور خوبصورت دکھائی دیتی ہیں۔ نکول کڈ مین کا کہنا ہے کہ وہ اسمارٹ رہنے کیلئے دیگر فنکاروں کی طرح کسی مخصوص خوراک کا سہارا نہیں لیتیں بلکہ جو کھانا سامنے آجائے یا جو اچھا لگے کھا لیتی ہیں، تاہم کھاتے ہوئے اعتدال کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑتی اور اس سلسلے میں کسی قسم کی زیادتی کیے بنا احتیاط کے ساتھ کھاتی ہیں۔ وہ خود کو فٹ رکھنے کیلئے خوراک کے سخت شیڈول پربھی عمل نہیں کرتیں، ان کی اسمارٹنس کا راز صرف متوازن غذا ہے، البتہ ساتھ ہلکی پھلکی ورزش ضرور کرتی ہیں کیونکہ صحت مند اور فٹ رہنے کیلئے ورزش کو چھوڑا نہیں جا سکتا ۔نکول کڈ مین کہتی ہیں کہ تمام خواتین کو ورزش کیلئے کچھ وقت ضرور نکالنا چاہئے ۔
نکول کڈمین سے ایک بیوٹی رائٹر نے دوران فون کال کچھ راز اگلوالئے جو ہم خواتین قارئین کے لیے پیش کررہے ہیں۔
نکول کا کہنا تھا کہ، ’’ بہت دفعہ ایسا ہوتا ہےکہ رنکل ریپیئرکریم آپ کی جلد کو متاثر کرنے لگتی ہےلیکن میں ایک مشہور برانڈکی رنکل ریپیئرکریم استعمال کرتی ہوں، جوجِلد کوبھرپور اور ستواں بناتی ہے۔ اکثر دوران پرواز بھی میں اسے استعمال کرتی ہوںاور رات میں بھی لگاتی ہوں۔‘‘ نکول مشورہ دیتی ہیں کہ آپ بھی اچھی سی رنکل ریپیئرکریم استعمال کریں، فرق خود ہی محسوس کریں گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ ، ’’میری اسکن فیئر ہے تو اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ یہ حساس ہے۔ مجھے اس کا خیال اس لیے بھی رکھنا ہے کہ میں ہر وقت سفر میں رہتی ہوں ، دوڑتی بھاگتی ہوں ، مجھے اپنی جلد کی دیکھ بھال کازیادہ موقع نہیں ملتا ۔ جہاں تک بڑھتی عمر کا تعلق ہے ،تو میں اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ جب آپ 40 کی ہوں تو 30 کی نظرآئیں اور جب 50 کی ہوں تو 40 کی ۔ یہی سب سے اہم بات ہے۔ مرد حضرات بھی یہی کرتے ہیں، لیکن ہمیں ان سے کچھ زیادہ کرنا پڑتاہے۔ جب ہم ماں بننے کے مرحلے سے گزرتی ہیں تو سب کچھ درہم برہم ہو جاتاہےاور ہمیں پھر سے اپنی عمر کے مطابق دکھائی دینے کیلئے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ میرے خیال میں تو عمر صرف ایک عدد ہے ، سب سے ضروری بات یہ ہے کہ آپ کتنے سال کی دکھائی دیتی ہیں۔ میں Big Little Lies میں سلسٹے کا رول کررہی تھی، جس میں مجھے ایک کردار لمبے بھورے بالوں کے ساتھ نبھانا تھا، تو اگلے دن میں Top of the Lakeمیں کا م کررہی تھی، پھر مجھے Lionمیں مختلف عمر کا روپ دھارنا تھا۔ یہ سب اچھا لگتا ہے ، لیکن اس کے لئے ہمیں کئی بار میک اپ اور گیٹ اپ تبدیل کرنا پڑتاہے۔ ‘‘
نکول کڈمین نے مزید بتایا کہ، ’’جب میں ٹین ایجر تھی تو میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے اپنے سراپے پر اتنی توجہ دینے کی ضرورت ہوگی۔ میرا خیا ل ہے کہ بس اپنی صحت پر توجہ رکھیں ، اپنے بارے میں اچھا محسوس کریں ، اپنی عزت نفس اور اعتماد کو ترجیح دیں ، باقی سب چیزیں خود بخود ٹھیک ہو جائیں گی اوریہی چیزیں میری شخصیت کی بھی غمازی کرتی ہیں۔ بحیثیت ایک ماں ، میں اپنے بچوں کی دیکھ بھال کررہی ہوں ،جو میر ی زندگی کا لازمی حصہ ہے اور مجھے یہ پسند ہے۔‘‘
نکول کہتی ہیں کہ وہ اپنے چہرے پر زنک کریم لگاتے ہوئے بڑی ہوئی ہیں۔وہ صبح دس بجے ناشتہ کرتی ہیں اور شام 6 بجے کھانا کھاتی ہیں،اس طرح وہ آٹھ گھنٹے خالی پیٹ رہتی ہیں۔ یہی ان کی فٹنس اور صحت کا اہم راز ہے۔