لاہور (صباح نیوز)لاہور کی سیشن عدالت نے انکائونٹر اسپیشلسٹ عابد باکسر کی 10مقدمات میں ضمانت منظور کر لی۔لاہور کی سیشن عدالت میں سابق پولیس انسپکٹرکوپیش کیا گیا ، سیشن عدالت کے جج رحمت علی نے ان کی 10 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی، سابق پولیس انسپکٹر پر قتل سمیت متعدد مقدمات درج ہیں،سیشن کورٹ نے پولیس کو 4 اگست تک عابد باکسر کی گرفتاری سے روک دیا، عدالت نے تمام مقدمات میں شامل تفتیش کرنے کا حکم دے دیا ،ان میں قتل کے تین اور ڈکیتی کے دو مقدمات بھی شامل ہیں ،عدالت میں پیشی کے موقع پر عابد باکسر کے ہمراہ ان کے وکیل آزر لطیف خان بھی موجود تھے،عدالت نے ایک ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض عابد باکسر کی 10مقدمات میں ضمانت منظور کی ہے ۔عابد باکسر کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل شامل تفتیش ہو کہ مقدمات میں اپنا بیان ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنا چاہتے ہیں لیکن پولیس انہیں جان سے مار دے گی اور انہیں قتل کردیا جائے گا لہذا انہیں تحفظ بھی فراہم کیا جائے اور انہیں شامل تفتیش کرنے کا حکم بھی دیا جائے ۔