• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ہاتھ پاؤں اور گردن کی خوبصورتی نکھاریں

تحریر کا آغاز ماضی میں سنی اک بات سے کرتے ہیں جس میں ایک بیوٹی ایکسپرٹ کا کہنا تھا کہ’’ مجھے وہ خواتین بالکل نہیں پسند جو چہرے پر تو ہزاروں روپے لگائیںلیکن ان کے ہاتھ اور پاؤں کالے ہی رہیں‘‘۔جس طرح چہرہ انسان کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے، اسی طرح ہاتھ اور پاؤں بھی آپ کی نفاست اور شخصیت کو چار چاند لگاتے ہیں۔ گردن کی سیاہی، کھردرے ہاتھ اور پھٹی ایڑیاں خواتین کی ساری خوبصورتی کو گہنا دیتی ہیں، اسی لیے سب سے پہلے یہ جانیے کہ جلد کی صفائی سے مراد صرف چہرہ ہی نہیں بلکہ گردن ،ہاتھ اور پاؤں بھی ہیں۔ اگرآپ کا چہرہ صاف مگر جلد کی رنگت کالی ہو تو یہ آپ کی خوبصورتی کو بری طرح متاثر کرتی ہے۔ تو آئیے آج بات کرلیتے ہیں گردن ،ہاتھ اور پاؤں پ کی خوبصورتی کی، چہرہ تو آپ کا صاف و شفاف ہے ہی، تو کیوں نہ انہیں بھی چمکایا جائے۔

گردن کی صفائی

صراحی دار گردن ہمیشہ سے حُسن کی علامت سمجھی جاتی ہے لیکن اگر یہ میلی ہو تو حسن گہنا بھی سکتی ہے۔ اسی لیے گردن کی خوبصورتی کے لیے اس کی صفائی سب سے زیادہ ضروری ہے اور یہ روزانہ کی بنیادوں پر کی جانی چاہیے۔ گردن کی صفائی کےلیے گلیسرین، پانی اور لیموں کے چند قطرےلے کر اچھی طرح سے مکس کریں، تینوں اجزاء لوشن کی صورت یکجان ہوجائیں تو رات کو سونے سے پہلے اسے روزانہ گردن پر لگائیں اور صبح اٹھ کر دھولیں۔

گردن کو چمکائیں

جیساکہ ہم نے بات کی کہ اگر گردن کی روزانہ صفائی نہ کی جائے تو اس پر میل جمنے لگتا ہے، جو گردن پرسیاہی کی صورت اختیار کرلیتا ہے۔ خواتین گرد ن کی سیاہی دور کرنے کے لیے ایک کھانے کا چمچ زیتون کا تیل، دو کھانے کے چمچ نمک اور ایک کھانے کا چمچ بیکنگ سوڈا لیں۔ان اشیا سے تیار کردہ مرکب گردن کی رنگت نکھارنے کے لیےبہت زیادہ کارآمد ہے کیونکہ زیتون کے تیل میں وٹامن ای شامل ہوتاہے، جو جلد کی خوبصورتی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

گردن کا مساج

25یا 30سال سے زائد عمر والی خواتین کو جلد کی صفائی اور نکھار کے لیے فیشل کرنا ضروری ہے۔ فیشل مساج چہرے کی جلد کے لیے جتنا ضروری ہوتاہے اتنا ہی گردن کے لیے بھی، اگر ایسا نہ کیا جائےتو گردن جھریوں کا شکار ہوجاتی ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ غسل کرنےسے پہلے ہی زیتون کے تیل سےگردن کا مساج کریں، مساج کرتے وقت انگلیوں کو نیچے سے اوپر کی طرف حرکت دیں اور گردن کو ضرورت سے زیادہ نہ دبائیں۔

ہاتھ اور پاؤں کی حفاظت

گردن کے ساتھ ہاتھ اور پاؤں کی خوبصورتی بھی بے حد معنی رکھتی ہے۔ ہاتھوں کی جلد بے حد حساس ہوتی ہے اور پاؤں کا خاص خیال نہ رکھا جائےتو یہ بے رونق ہوجاتے ہیں۔ ایک ماہرڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ہاتھوں کو بھی چہرے کی طرح حفاظت اور توجہ کی ضرورت ہوتی ہے، روزمرہ کاموں میں ہاتھوں کاکردار نہایت اہم ہے، اسی طرح ان کا خیال رکھنابھی اتنا ہی ضروری ہے۔اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کے ہاتھ پاؤں بھی خوبصورت لگیں تو ان ہدایات پر عمل کریں۔

٭اگر گردن کی طرح آپ کے ہاتھ اور پاؤں کی جلد کچھ بے رونق سی ہے تو اسے بارونق بنانے کے لیے وہی لوشن استعمال کیا جاسکتا ہے جو گردن کی صفائی کے لیے تیار کیا گیا ہے (جس کا ذکر ہم اپنی تحریر میں کرچکے ہیں) ۔ ہاتھوں اور پیروں پر یہ لوشن لگانےسے کچھ ہی دنوں میں آپ کو واضح فرق محسوس ہوگا۔

٭اگر آپ کے ہاتھ پاؤں پر دھبے ہیں تو سونے سے پہلےنیم گرم پانی میں ایک چمچ آئیوڈین ملا نمک شامل کریں اور 5سے 7منٹ تک اس محلول میں پاؤں ڈال کربیٹھ جائیں، انھیںرگڑیںاس عمل کے آدھے گھنٹے بعدپودینہ کے پتوں کا پانی نکال کر ایلوویرا میں مکس کر کے ہاتھ اور پاؤں پر ملیں، پانچ سات منٹ اچھی طرح ملنے کے بعد اسے چھوڑ دیں اور صبح اٹھ کر ہاتھ پاؤں دھو لیں۔ اس طرح کرنے سے ڈیڈ اسکن (مردہ جلد) دور ہوگی اور دن بھر کی تھکاوٹ بھی اتر جائے گی۔

٭خواتین اپنے دونوں ہاتھوں پر پٹرولیم جیلی بھی لگا سکتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گھیکوار کا گودا لگانے سے بھی ہاتھ نرم و ملائم ہوجاتے ہیں۔ اگریہ دونوں چیزیں دستیاب نہ ہوں تو دودھ کی بالائی ہاتھوں پر مل لیں۔

٭ناخنوں کی بہتری کے لیے نیم گرم زیتون، عرق گلاب اور لیموں کے رس میں ناخن بھگونے سے بھی ناخن بہتر ہو جاتے ہیں ۔

یہ تو تھیں چند تجاویز جن پر عمل کرکےآپ اپنی گردن، ہاتھ اور پاؤں میں نکھار لاسکتی ہیں۔

تازہ ترین