’سیلون‘سے اپنے خوبصورت بالوں کے لیے ’پرفیکٹ کلر‘ حاصل کرنے کے بعد خواتین بہت زبردست محسوس کرتی ہیں۔ تاہم اگر بالوں کے رنگ کی مناسب حفاظت اور احتیاط نہ کی جائے تو چند ہفتوں میں درجن بھر شیمپو کرنے کے بعد بالوں کا رنگ بے رونق اور پھیکاپڑنے لگتا ہے۔ایسے میں چند احتیاطی تدابیر اختیار کرکے، آپ اپنے بالوں میں کرائے گئے رنگ کو زیادہ عرصہ تک اس کی اصل حالت میں برقرار رکھ سکتی ہیں۔
بالوں کو موائسچرائز رکھیں
آپ اپنے بالوں کو جس قدر زیادہ موائسچرائز رکھیں گی، ان کا رنگ اتنا زیادہ عرصہ تک برقرار رہے گا۔ اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ جم جانے سے پہلے اپنے بالوں پر کھوپرے کا تیل لگاکر انھیں جُوڑا لگادیں۔ جم میں جسمانی مشقت کے دوران، آپ کے جسم میں پیدا ہونے والی گرمی سے بالوں کو زیادہ موائسچریعنی نمی میسر آئے گی۔
فلٹر لگائیں
جی ہاں، انسٹاگرام فلٹر کا استعمال کرکے تصویر میں آپ اپنے بالوں کو بہتر رنگ تو بآسانی دے سکتی ہیں، تاہم یہاں فوٹو نہیں آپ کے حقیقی بالوں کی بات ہورہی ہے۔ شاور لینے سے پہلے شاور کے نلکے پر فلٹر چڑھائیں۔ یہ فلٹر پانی سے غیر ضروری کیمیکلز، کلورین اور معدنیات کو نکال دےگا۔ پانی آپ کے بالوں کو روکھا اور بے رونق بناتا ہے اور ان سے قدرتی تیل کو جذب کرلیتا ہے۔فلٹر استعمال کرنے سے آپ کے بالوں کا رنگ زیادہ عرصہ تک برقرار رہے گا۔ مارکیٹ میں کئی طرح کے شاور فلٹر دستیاب ہیں۔
بالوں کو تیار کریں
جس دن آپ کو بالوں کو نیا رنگ کروانا ہو، اس سے ایک دو روز پہلےبالوں پر شیمپو لگا کر انھیں اچھی طرح دھوئیں تاکہ ، کئی روز سے اسٹائلنگ کے دوران جو پراڈکٹس آپ کے بالوں پر جم گئی ہیں، وہ ضائع ہوجائیں۔ اس کے علاوہ، بالوں پر ہفتے میں ایک بار کنڈیشننگ ماسک بھی لگائیں، تاکہ آپ کے بالوں کو پانی کی کمی محسوس نہ ہو۔ اس طرح آپ کے بالوں کا رنگ پھیکا نہیں پڑے گا۔
سیب کا سرکہ
مہینے میں ایک بار، ایک حصہ سیب کا سرکہ اور تین حصے پانی لے کر، انھیں اچھی طرح ملالیں۔ شیمپو اور کنڈیشنراستعمال کرنے کے بعد اس مکسچر کو اچھی طرح اپنے بالوں پر لگائیں اور انھیں اس میں بھگوئیں۔ دراصل ہوتا یہ ہے کہ جیسے جیسے دن گزرتے ہیں، بالوں پر معدنیات کی تہہ جمنا شروع ہوجاتی ہے، جو آپ کے بالوں سے ان کی رنگت کو چھین لیتی ہے۔ یہ مکسچر اس تہہ کو ہٹاکر آپ کے بالوں کے رنگ کو نکھار دے گا۔
گرم پانی سے دُور رہیں
گرم پانی، خشک اور بے رونق بالوں کی پکی اور ناقابل شکست ریسیپی ہے۔ ایسے میںاگر آپ اپنے بالوں کی رنگت کو برقرار رکھنا چاہتی ہیں تو گرم پانی سے دور رہیں۔
ٹچ۔اَپ ٹائم
فُل کَلر ٹریٹ منٹ لیے بغیر بھی آپ اپنے ڈائی کرائے گئے بالوں کی رنگت کو چند ہفتے مزید برقرار رکھ سکتی ہیں۔ وہ کیسے؟ اگر آپ نوٹ کریں گی، تو معلوم ہوگا کہ آپ کے بالوں کے کچھ حصے دیگر حصوں کے مقابلے میں زیادہ نمایاں رہتے ہیں، جیسے آپ کی ’ہیئرلائن‘۔ آپ ضروری سمجھیں تو اگلی اپائنٹمنٹ سے قبل اپنی ہیئرلائن کی ٹچ۔اپ کراسکتی ہیں، اس طرح آپ کے بال مزید چند ہفتے تک تروتازہ اور رنگت سے بھرپور رہیں گے۔
ہَیٹ یا اسکارف کا استعمال
جس طرح سورج کی تیز ’اَلٹرا وائلٹ‘ (UV) کرنیں آپ کی جلد کے لیے نقصان دہ ہوتی ہیں، اسی طرح یہ آپ کےرنگے ہوئے بالوں کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔ یہ کرنیں آپ کے بالوں سے رنگت کو چھین لیتی ہیں۔ ان کرنوں سے محفوظ رہنے کے لیے ہَیٹ یا اسکارف کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ، چاہیں تو اپنے بالوں پر SPFاسپرے بھی چھڑک سکتی ہیں۔
سَن اسکرین کا استعمال
جی ہاں، آپ بالوں پر ’سَن اسکرین‘ بھی لگاسکتی ہیں۔ اپنے بالوں کی رنگت کی اضافی حفاظت کے لیے باہر نکلتے وقت ایسی کنڈیشننگ پراڈکٹ استعمال کریں، جس میں سورج کی کرنوں سے حفاظت کی خاصیت بھی ہو۔ سورج کی کرنوں سے حفاظت دینے والی ہیئر کنڈیشننگ پراڈکٹس بالوں کو چکنا کیے بغیر انھیں نرم اور ہموار رکھتی ہیں۔
برش کا انتخاب
بالوں کے لیے ایک معیاری برش کا انتخاب انھیں صحت مند اور ان کے رنگ کو بہترین حالت میں رکھنے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ عمومی طور پر نائلون اورفائبر کے موا د سے بنایا گیا ریشوں والا برش بالوں کے لیے بہترین رہتا ہے۔
شیمپو کم استعمال کریں
اگر کوئی ایک کام جو آپ کے بالوںکے رنگ کو وقت سے پہلے پھیکا اور بے رونق بناسکتا ہے تو وہ ہے بار بار کا شیمپو کرنا۔ وہ شیمپو جسے آپ سر کی تہہ سے میل نکالنے کے لیے استعمال کرتی ہیں، وہ آپ کے بالوں کے رنگ کو بھی وقت سے پہلے دھیما کردیتا ہے۔ تاہم زیادہ دن تک شیمپو نہ کرنے سے آپ کے بال چکنے ہوجاتے ہیں، بالوں کو چکنا ہونے سے بچانے کے لیے کوئی معیاری ’ڈرائی شیمپو‘ تلاش کریں۔
بالوں کامسکارا
جب آپ کے بالوں کی جڑوں سے رنگ ہلکا ہونے لگے تو جو کام آپ سب سے زیادہ آسانی کے ساتھ کرسکتی ہیں، وہ مسکارے کا استعمال ہے۔ بالوں کے لیے مسکارے کی طرح کا ایک رقیق مائع کی صورت میں رنگ آتا ہے، جسے آپ براہِ راست بالوں کی جڑوں پر لگاسکتی ہیں۔تاہم بالوں کے مسکارے کا استعمال گہرے رنگ میں زیادہ بہتر رہتا ہے۔