• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
طلباء اور اساتذہ کیلئے بہترین ایپس

کلاس روم میں اسمارٹ فونز یا ٹیبلٹس کے استعمال پر پابندی ہوتی ہے اوراساتذہ ان کے استعمال پر برا بھی مناتے ہیں۔ کلاس روم میں نہ سہی مگر کلاس کے باہران گیجٹس کو استعمال کرتے ہوئے ایسی ایپس ڈائون لوڈ کرلی جائیں جو طلباء اور اساتذہ دونوںکیلئے فائد ہ مند ہوں۔ انہیںاگر تعلیمی مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے تو اس سے نہ صرف کلاس روم میں ہونےوالی سرگرمیاں دلچسپ ہو سکتی ہیں بلکہ کلاس ختم ہونے کے بعد بھی ان سے استفادہ حاصل کیا جاسکتاہے۔ ان ایپس کی مدد سے لیکچر بور ہونے کے بجائے دلچسپ ہونے لگیں گے اور ہر ایک طالبعلم کے مشغول ہونے سے تعلیم کا نظام کچھ بہتر ہونے کی توقع کی جاسکتی ہے۔

لیکچرزکی منصوبہ بندی سے لے کر حاضری کے ریکارڈ تک اورکلاس سے باہر طلباء کے ساتھ رابطہ قائم رکھنے میں یہ ایپس مددگار ثابت ہو سکتی ہیں، وہ کہتے ہیں ناں کہ اگر اسلحہ اور سازوسامان سے آپ مکمل لیس ہیں تو آدھی جنگ تو آپ جیت ہی چکے ہوتے ہیں۔ آئیں کچھ تعلیمی ایپس کا تعارف آپ سے کرواتے ہیں۔

Kahoot

اپنے طلباء کو بوریت سے بچانے کیلئےکچھ اساتذہ اپنے لیکچر کو گیم میں بھی تبدیل کردیتے ہیں اور کھیل کھیل میںاسباق کو طلباء کے ذہنوں میں اتار دیتے ہیں ، لیکن یہ صلاحیت سبھی اساتذہ میں نہیں ہوتی ۔ اچھی بات یہ ہے کہ GetKahoot ویب سائٹ نے کلاس روم کو گیم شو میں تبدیل کرنے کی ایک ایپ تیار کرلیاہے۔ اساتذہ کو اپنے تیار شدہ سوالات اور ا ن کے جوابات اس ویب سائٹ پر ڈالنے ہوتے ہیں اورپھر ویب سائٹ اسے دلچسپ گیم میں ڈھال دیتی ہے۔ طلباء کو یہ ایپ ڈائون لوڈ کرکے بزر رائونڈ کے ذریعے کوئز شو میں حصہ لینا ہوتاہے اور پھر یہ دیکھاجاتاہے کہ کون کتنی دلچسپی او ر دلجمعی سے اس گیم کو جیت پاتا ہے۔

Google Classroom

انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے اساتذہ اور طلبہ میں رابطہ کے لئے آن لائن کلاس روم بنا یا ہے۔ جس کا مقصد اساتذہ اور طلبہ کو فوری اور قریبی رابطے کا پلیٹ فارم فراہم کرناہے، جہاں اساتذہ طلبہ کو اسائنمنٹس (تعلیمی کام) دے کر اسےچیک بھی کر سکتے ہیں۔ اس کلاس کو گوگل ڈرائیو اور جی میل کے صارفین استعمال کر سکتے ہیں، جس میں باقاعدہ طور پر آن لائن لیکچرز کا اہتمام بھی کیا جاتاہے۔ اس کلاس روم میں طلبہ اپنے اساتذہ سے براہ راست سوال بھی کر سکتے ہیں، جن کا وہ جواب دیںگے۔

Teach Learn Lead

بحیثیت ایک استاد آپ کی خواہش ہوتی ہوگی کہ کہ آپ ان اساتذہ سے ملیں جو آپ ہی کے مضامین پڑھاتے ہیں ،چاہے ان کا تعلق آپ کے ادارے ، ملک یا پھر کہیں سے بھی ہو۔ یہ ایپ اساتذہ کیلئے فیس بک کی مانند ہے جہاں آپ اپنے جیسے اذہان کے مالک اساتذہ سے تبادلہ خیال اور تجربات شیئر کرسکتے ہیں ۔ آپ کسی بحث کا آغاز بھی کرسکتےہیں یا اسباق کی منصوبہ بندی یا کیریئر کے مشورے کیلئے پولنگ شروع کرواسکتےہیں، اس کے علاوہ اپنے طلباء کے بارے میں بات چیت کرسکتےہیں۔

 Remind

پہلے اس کا نام ریمائنڈ101تھا ۔ کلاس روم سے باہریہ ایپ اساتذہ کی طلباء اور ان کے والدین کے ساتھ بات چیت کو آسان بناتی ہے۔ اس ایپ کےذریعے اساتذہ کلاس کیلئے اعلانات ، گروپ چیٹ کی تخلیق ، یا کسی کے ساتھ ذاتی طور پررابطہ کرسکتے ہیں۔ اس ایپ کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس میں اساتذہ کے بھیجے گئے پیغام کا 70 زبانوں میں ترجمہ ہو جاتا ہے اور یہ ان والدین کیلئے بہترین ہے، جو انگریزی سے نابلد ہیں۔

Slack

دراصل یہ ایپ ملازمین اور مالکان کے درمیان رابطے کیلئے استعمال ہوتی تھی، تاہم اب پروفیسرز اور کالج کے طلباء بھی آپس میں بات چیت کیلئے تعلیمی اوقات کار کے علاوہ اس ایپ کااستعما ل کرتے ہیں۔ اس کے ذریعےنہ صر ف اسکول کے دفتری معاملات نمٹائے جاسکتے ہیں بلکہ اپنے طلباء کی یاددہانی کیلئے ضروری پیغامات بھی بھیجے جاسکتے ہیں۔

Additio

یہ ایک بہترین ایپ ہے جس کے ذریعے آپ اپنے طلباء کی حاضری ، گریڈز اور کلاس نوٹس مرتب کرسکتے ہیں، جوشاید آپ کسی کاغذ پر لکھ کر بھول جاتے ہیں یا گُم کردیتے ہیں۔ بحیثیت ایک ڈیجیٹل گریڈ بُک اور کلاس روم مینجمنٹ ایپ ،یہ طلباء کی حاضری کا ریکارڈ رکھنے ، ان کے حاصل کردہ مارکس کا حساب کرنے اور ٹائم ٹیبل مرتب کرنے میںمدد دیتی ہے۔

Seasaw

والدین ہر قدم پر اپنے بچے کی کامیابی کا جشن منانا چاہتے ہیں ، جس کےلیے ضرور ی ہے کہ سارا سال کلاس روم میں اپنے بچے کی ہونے والی پروگریس پر نظر رکھی جائے۔ ’سی سا‘ ایک اسٹوڈنٹ پورٹ فولیو ایپ ہے، جس میں طلباء اپنی بہترین کارکردگی اور کام کو اپنے والدین سے شیئر کر سکتے ہیں۔ دوسری طرف اساتذہ اسی ایپ پر طلباء کی خامیوں اور خوبیوں کو اجاگر کرسکتےہیں اور ان پر لائحہ عمل بنانےکیلئے پیرنٹ ٹیچر میٹنگ میں تبادلہ خیال بھی کر سکتے ہیں۔ 

تازہ ترین