کوئٹہ(فرخ شہزاد ملک)صوبائی دارالحکومت میں خوف و ہراس کی فضا میں انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں ، جوں جوں 25جولائی کی تاریخ قریب آ رہی ہے ،مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے ووٹرز کو اپنی جانب متوجہ کرنے کیلئے کنویسنگ میں تیزی لے آئی ہےاور بھرپور انتخابی مہم شروع کر دی ہے ۔مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنر میٹنگ میں خود کش حملے میں بھاری جانی نقصان نے جہاں پورے ملک کی فضا سوگوار کر دی ہے، ایسے میں دہشت گردی سے متاثرہ صوبے بلوچستان میں بھی اس واقعہ نے ہر آنکھ اشکبار کر دی ہے ، کوئٹہ کے 3قومی اور9صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے کئی آزاد امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں ،جن میں سے اکثر نےد ستبردار ہونا شروع کر دیا ہے، سیاسی و مذہبی جماعتیں اپنی اپنی کامیابی کے دعوے کررہی ہیں لیکن حتمی نتیجہ چند روز بعد سامنے آ جائیگا۔دریں اثناکو ئٹہ الیکشن ڈیسک کے مطابق مسلم لیگ ن کے پی بی28 امیدوار نسیم الرحمن نے کہا ہے کہ ن لیگ ملک میں حقیقی جمہوریت کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، یہ بات انہوں نے رحمت کالونی نادر شاہ اسٹریٹ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو ن لیگ کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے ۔علاوہ ازیںپشتونخوا میپ کے پی بی28 سے امیدوار غلام فاروق خلجی نے کہا ہے کہ عوام با شعور ہو چکے ہیں جنہیں خوشنما نعروں کے ذریعے دھوکہ نہیں دیا جا سکتا،کامیاب ہو کر حلقے میں تعلیم صحت آبنوشی اور دیگر مسائل پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دیں گے۔