لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے جمہوریت کے لئے آگ کے دریا عبور کئے اور اپنی جانیں دے کر سرخرو ہوئے ہیں، اقتدار میں آتے ہیں تو ملازمتیں دیتے ہیں، روزگار ہو تو روٹی، کپڑا اور مکان بن جاتا ہے،آج جب جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے تو اس کے لئے پیپلز پارٹی کی لازوال قربانیاں ہیں۔ شہداد پور میں ذوالفقار خادم زرداری کی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ 2008ء میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس پارلیمنٹ میں مکمل اکثریت نہیں تھی، اس کے باوجود ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو اقتدار چھوڑنے پر مجبور کیا تاکہ پاکستان کا جمہوری چہرہ دنیا کے سامنے آئے۔