• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنڈز کی بندش قومی ہاکی ٹیم کی تیاریوں کے آڑے آگئی

فنڈز کی بندش قومی ہاکی ٹیم کی تیاریوں کے آڑے آگئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر حسن سردار اور کپتان رضوان سینئر نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ایشین گیمز کی تیاری اور گیمز میں شرکت کے لئے حکومت پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فی الفور فنڈز جاری کرے۔ یہ بات انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ کھلاڑیوں کو کافی عرصہ سے یومیہ الائونسز کی مد میں پی ایچ ایف نے رقم کی ادائیگی نہیں کی ہے تاہم اس کے باوجود کھلاڑیوں نے چیمپئنز ٹرافی میں عمدہ کھیل پیش کیا ہے ،کھلاڑیوں کی پرفارمنس اور فٹنس میں بتدریج بہتری آرہی ہے لیکن کھلاڑیوں کو معاشی فکر بھی ستا رہی ہے ، منیجر حسن سردار کا کہنا تھا کہ اس وقت صورت حال بہت نازک ہے ، حکومت نے فنڈز کیوں روکے اس کی کوئی وجہ سمجھ میں نہیں آتی۔بر وقت فنڈز کا انتظام نہ ہوا تو ہمیں کیمپ بند کرنا پڑے گا ،اور پاکستان ہاکی ٹیم کی ایشین ہاکی گیمز میں شرکت کی مشکوک ہوجائے گی ۔کپتان رضوان سینئر نے کہا کہ ایشین گیمز میں عمدہ پرفارمنس دیں گے تاہم حکومت سے گزارش ہے کہ قومی کھیل کی بقا اور بہتری کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو منظور شدہ فنڈز دیے جائیں تاکہ وہ کھلاڑیوں کو بھی ادائیگی کر سکے ، پی ایچ ایف بھی تب ہی ہمیں ڈیلی اور دیگر الائونس دے سکے گی جب اس کے پاس فنڈز ہونگے ۔ ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمینز کا کہنا تھا کہ فنڈز کی کمی کا بہانہ بناکر ہم ایشین گیمز سے نظریں نہیں ہٹا سکتے ، ہماری بھر پور کوشش ہو گی کہ ایشین گیمز میں عمدہ پرفارمنس دیں تاکہ براہ راست اولمپکس میں جگہ بنائیں ۔میں نے کھلاڑیوں سے بھی کہا ہے کہ وہ مشکلات کی پروا کئے بغیر اپنے کھیل پر فوکس رکھیں تاہم میں سمجھتا ہوں کہ معاشی مسائل حل ہونے چاہئیں کھلاڑی اسی وقت بہتر پرفارم کرتا ہے جب وہ معاشی طور پر آسودہ ہو ۔

تازہ ترین