کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے محکمہ تعلیم کے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے سماعت جمعرات کیلئے مقرر کردی ہے۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے عدالتی اوقات ختم ہونے کے بعدانسانی حقوق کی بنیاد پر موصول ہونے والی درخواستوں کی سماعت کیلئے سنگل رکنی بینچ کی عدالت لگائی۔ چیف جسٹس کے روبرو محکمہ تعلیم کے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق سماعت ہوئی۔ محکمہ تعلیم کے ملازمین نے موقف اختیار کیا کہ ہم 2012سے ڈیوٹی دے رہے ہیں مگر ابھی تک تنخواہ نہیں ملی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے میں 2 شعبوں میں کوئی رعایت نہیں دونگا۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کبھی بھی رعایت نہیں ملے گی۔ درخواست گزاروں نے موقف اپنایا ہمارے ساتھ باہر بدتمیزی کی گئی ہمیں ڈھنڈے مارے گئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ کو جس نے بھی ڈنڈا مارا انکی طرف سے میں آپ سے معافی مانگتا ہوں۔ میں ایک باپ کے حیثیت سے آپکو پیشکش دے رہا ہوں دوبارہ ٹیسٹ پاس کر لو تو یقین دلاتاہوں پچھلی تاریخوں سے تمام واجبات کی ادائیگی کا حکم بھی دینگے تاہم درخواست گزاروں نے دوبارہ ٹیسٹ دینے پر رضامندی ظاہر نہ کی۔ بعدازاں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے سماعت جمعرات کیلئے مقرر کردی۔