راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی میں اتوار کی رات شہر اور کینٹ کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ہو گیا، وقفہ وقفہ سے بارش تیز اور آہستہ ہوتی رہی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ، مری روڈ اور دیگر شاہراہوں پر چلنے والے موٹر سائیکل سوار میٹرو ٹریک اور پلوں کے نیچے پناہ لیتے رہے ، بارش کے باعث مری روڈ ، اندرون شہر اور کینٹ کی بعض سڑکیں تالاب بن گئیں ، ایئرپورٹ روڈ ، راول روڈ ، ٹیپو روڈ ، جہلم روڈ ، اڈیالہ روڈ پر جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا ، واسا کی مشینری بھی الرٹ مری روڈ پر کھڑی رہی اور ضرورت پڑھنے پر بعض نشیبی ایریاز سے پانی نکالنے کا عمل جاری رہا ، راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ بورڈ کا سینی ٹیشن کا عملہ بھی بارش کے دوران الرٹ رہا اور کینٹ سے گزرنے والے مختلف نالوں کے گرد چکر کاٹتا رہا ، لیاقت باغ میں ہونے والے جلسہ کے نوجوان شرکاء بارش کے دوران مری روڈ پر موٹر سائیکلوں پر انجوائے کرتے نظر آئے۔