راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر ) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے 25جولائی کوہونے والے عام انتخابات کے موقع پر سکیورٹی اور شہریوں کی سہولت کے لیے ضلع راولپنڈی کے لئے ٹریفک پلان جاری کر دیا ۔ اس موقع پر پولنگ اسٹیشنز کے نزدیک 200 گز کے ایریا میں کسی بھی قسم کی گاڑی یا موٹر سائیکل کی پارکنگ پر مکمل پابندی ہوگی،کسی ایمر جنسی کی صور ت میں محفوظ راستے کی فراہمی کو ہر صورت کلیئر رکھنے ،کالے شیشے اور بغیر نمبرپلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے قانونی کارروائی کرنے ، ایمبولینس، فائر بریگیڈو دیگر سرکاری گاڑیوں کو خصوصی طور پر چیک کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی محمد بن اشرف نے بتایاکہ الیکشن کے دوران اور نتیجہ کا اعلان ہونے کے بعد راولپنڈی شہر میں ٹریفک روانی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔