• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان میں امیدواروں کی انتخابی مہم رات 12 بجے بند ہو گئی

ملتان،اسلام آباد،فیصل آباد (سٹاف رپورٹر ،ایجنسیاں ) الیکشن 2018کی انتخابی مہم پیر اور منگل کی درمیانی شب 2بجے ختم ہوگئی، امیدوار ووٹروں کو قسمیں ،وعدے ،دعوے ،یقین دہانیاں کراتے رہے پولنگ کل 25جولائی کو ہوگی االیکشن کمیشن نے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ عام انتخابات کے سلسلہ میں اپنی انتخابی مہم 23اور 24جولائی کی درمیانی شب ہر صورت ختم کر دیں، انتخابی قانون 2017 کے مطابق اس کی خلاف ورزی کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دو سال قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں الیکشن کمیشن کی ہدایت ضلع ملتان میں امیدواروں کی انتخابی مہم گذشتہ شب رات 12 بجے بند ہو گئی ، امیداروں نے رات 12 بجے سے قبل ہی کارنر میٹنگز اور جلسے مکمل کر لئے ، بیشتر امیدواروں نے سر شام ہی انتخابی مہم روک دی جبکہ دوسری طرف الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ شام کے وقت سے ہی فعا ل ہو گئیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ امیدواروں نے موبائل فون کے ذریعے ووٹرز سے رابطے بڑھا لئے ہیں ۔ علاوہ ازیں پولنگ کا سامان آج پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کر دیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق ضلع ملتان سمیت ملک بھر کے دیگر اضلاع میں ریٹرننگ افسران نے آج پریذائیڈنگ افسران کو طلب کر لیا ہے ۔ پریذائیڈنگ افسران آج بیلٹ پیپرز اور پولنگ کا سامان وصول کریں گے ۔ اور کل 25 جولائی کو پولنگ ہو گی ۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق پریذائیڈنگ افسران کو نتائج جاری کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں ، گنتی مکمل ہونے کے بعد آرٹی ایس سسٹم پر مخصوص ایپ کے ذریعے الیکشن کمیشن کو رزلٹ بھیجا جائے گا ، اس کے بعد رزلٹ کو پولنگ سٹیشن کی عمارت کے باہر چسپاں کر دیا جائے گا ۔ بعدازاں پولنگ کا سامان و دیگر چیزیں ریٹرنگ افسران کو جمع کرا دی جائیں گی ۔ پولنگ ڈے پر عملے کے لئے وقفہ ختم کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق جنرل الیکشن 2018ء کی پولنگ 25 جولائی کو صبح 8 بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام 6 بجے تک جاری رہے گی ۔ شام 6 بجے سے ہی گنتی کا عمل شروع کر دیا جائے گاجبکہ اس دوران کسی بھی وقت پولنگ عملہ وقفہ نہیں کرے گا ۔ میڈیسن و دیگر ضروری اشیاء استعمال کرنے والے اہلکار اپنا بیگ بنا کر آئیں گے اور اسی بیگ میں تمام چیزیں رکھیں گے اور حسب ضرورت دوران پولنگ استعمال کر سکیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ پر امن الیکشن کے انعقاد کے لئے مکمل تیار ہیں ،تمام پولنگ سٹیشنز پر آج رات تک پولنگ بکس سمیت تمام سامان پہنچا دیا جائے گا جبکہ کل علی الصبح تمام انتظامات مکمل کر کے بر وقت پولنگ کا عمل شروع کردیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کی درخواست پر پاک فوج بھی حساس پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گی،امن و امان خراب کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 25سے زائد امیدواروں کو6لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ ایک امیدوار ملک عبدلغفار ڈوگر کے خلاف کارروائی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا ، پولنگ ڈے پر پورے ضلع میں سکیورٹی ریڈ الرٹ رکھی جائے گی جبکہ حساس مقامات اور پولنگ سٹیشنوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے براہ راست مانیٹرنگ ہوگی مانیٹرنگ کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جہاں ریسکیو، سول ڈیفنس ،پولیس سمیت تمام محکموں کے نمائندے 24گھنٹے موجود ہوں گے امیدواروں سمیت سیاسی کارکنوں کی جانب سے ہوائی فائرنگ آتش بازی اور بنا اجازت اجتماع کرنے پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی،بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے صحافیوں کو کنٹرول روم کا دورہ کرایا اور بریفنگ دی۔
تازہ ترین