راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے پر امن انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے سیکیورٹی پلان جار ی کر دیا۔ راولپنڈی ضلع کے 2ہزار5سو76پولنگ سٹیشنز پر ضلعی پولیس بشمول اضافی نفری کے 8ہزار 3سو88افسرا ن و ملازمین ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ حساسیت کے اعتبار سے راولپنڈی ضلع کے پولنگ سٹیشنوں کو 3حصو ں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جس میں کٹیگری "اے"کے 220پولنگ اسٹیشنز، کیٹیگری "بی"کے 400 اور کیٹیگری"سی"کے 1956پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ انتخابات کے دوران سیکیورٹی ڈیوٹی کو مزید موثر بنانے کے لئے راولپنڈی ضلع کے ہرتھانے کو سیکٹر کا درجہ دیا گیا ہے اوران کو مزید253سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر سب سیکٹر 10پولنگ سٹیشنز پر مشتمل ہو گا ۔ سب سیکٹر کا انچارج سب انسپکٹر یا اے ایس آئی عہدہ کا افسر ہو گا۔ ایس ایس پی آپریشنز عمران یعقوب تمام لگائی گئی ڈیوٹی کی اوور آل سپر ویژن کرینگے اور آرمی،رینجرز،ضلعی انتظامیہ سے رابطہ میں رہیں گے۔ سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے کہا کہ راولپنڈی پولیس الیکشن2018ء کے پر امن انعقاد کے لئے پر عزم ہے۔