منڈی بہاؤالدین(ساجد کمال قریشی) منڈی بہاوالدین میں قومی اسمبلی کے 2اور صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں میں دلچسپ انتخابی دنگل کا امکان ہے ۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 85 کی کل آبادی آٹھ لاکھ چار ہزار بارہ اور رجسٹرڈوووٹرز کی کل تعداد پانچ لاکھ دس ہزار چار سو اڑسٹھ ہے ، اس حلقہ کے امیدوارو ں میں پاکستان تحریک انصاف کے حاجی امتیاز احمد، مسلم لیگ ن کے مشاہد رضا، پیپلز پارٹی کے آصف بشیر بھاگٹ ، متحدہ مجلس عمل کے ریاض فاروق ساہی ، اللہ اکبر تحریک کے ڈاکٹر یاسر صدیق، تحریک لبیک پاکستان کے حق نواز، تحریک لبیک اسلام کے محمد اکبر سمیت تیرہ امیدوار شامل ہیں جبکہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے درمیان فیصلہ کن معرکے کی توقع کی جارہی ہے ۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 86 میں میونسپل کمیٹی ملکوال سمیت ضلع کی تینوں تحصیلوں کے مختلف دیہی علاقے شامل ہیں جس کی کل آبادی سات لاکھ 89ہزار دو سو اسی ہے جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد پانچ لاکھ بارہ ہزار چارسودس ہے ۔ اس حلقہ میں مسلم لیگ ن کے ناصر اقبال بوسال ، پی ٹی آئی کے نذر محمد گوندل ، پیپلز پارٹی کے فخر عمر حیات لالیکا سمیت آٹھ امیدوار میدان میں ہیں ۔ ناصر اقبال بوسال 2013کے عام انتخابات میں ووٹوں کی بڑی تعداد حاصل کرکے کامیاب ہوئے تھے اور سیاسی حلقوں کے مطابق حلقہ میں بے شمار ترقیاتی کاموں کے باعث ان کی مقبولیت کا گراف کافی بہتر ہے ۔ صوبائی اسمبلی کا حلقہ پی پی 65میونسپل کمیٹی منڈی بہاؤالدین سمیت سولہ کے قریب یونین کونسلوں پر مشتمل ہے جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد دو لاکھ تریسٹھ ہزار نو سو چھیالیس ہے جبکہ حلقہ کی آبادی چار لاکھ سات ہزار پانچ سو دو نفوس پر مشتمل ہے ۔ اس حلقہ میں مسلم لیگ ن کی حمیدہ وحید الدین ، پاکستان تحریک انصاف کے ارشد محمد ککو ، پیپلز پارٹی کے عظمت اللہ مارتھ سمیت گیارہ امیدوار میدان میں ہیں ۔ ایم ایم اے کی جانب اس حلقہ میں کسی کو ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا جس پر ایم ایم اے کی جانب سے مسلم لیگ ن کی حمیدہ وحید الدین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا ہے ، اس حلقہ میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی انتخابی مہم بھرپور انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور سیاسی حلقوں کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان دلچسپ مقابلے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔ صوبائی اسمبلی کا حلقہ پی پی 66میونسپل کمیٹی پھالیہ اور دیگر دیہی علاقوں پر مشتمل حلقہ ہے جس کی کل آبادی تین لاکھ چھیانوے ہزار پانچ سو دس اور رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد دو لاکھ 46ہزار پانچ سو بائیس ہے ۔ اس حلقہ میں مسلم لیگ ن کے طارق یعقوب رضوی ، پی ٹی آئی کے محمد طارق تارڑ ، پیپلز پارٹی کے محمد نواز تارڑ سمیت بارہ امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ ہوئے ہیں تاہم مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے درمیان نتیجہ خیز مقابلے کا امکان ہے ۔