سکھر (بیورو رپورٹ) عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے والی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی جانب سے ووٹرز کو گھروں سے پولنگ اسٹیشن تک پہنچانے کے لئے ٹرانسپورٹ کا انتظام کرلیاگیا ہے۔ چھوٹی بڑی مسافر گاڑیوں کی ایڈوانس بکنگ کرالی ہے، الیکشن کے دن صبح سے لیکر شام گئے تک گاڑیوں کی بکنگ سے ٹرانسپورٹرز کی بھی چاندی ہوگئی ہےاور ٹرانسپورٹرز منہ مانگی قیمتیں وصول کررہے ہیں۔ ضلع سکھر میں قومی و صوبائی اسمبلی کی6نشستوں پر انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی و مذہبی جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے اپنے اپنے حلقوں کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی فراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ پولنگ والے دن اپنے گھروں سے نکل کر بآسانی متعلقہ پولنگ اسٹیشن میں پہنچ کر اپنا حق رائے استعمال کرسکیں۔ اس سلسلے میں امیدواروں کی جانب سے ضلع بھر کے ٹرانسپورٹرز سے رابطے کرکے چھوٹی بڑی مسافر گاڑیوں کی ایڈوانس بکنگ کرائی گئی ہے، جس کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آرہی ہے اور ٹرانسپورٹرز کی ایک بڑی تعداد نے بکنگ کی گئی گاڑیوں کو سڑکوں پر لانے سے روک دیا ہے تاکہ الیکشن کے دن گاڑی بالکل ٹھیک ہو اور اس میں کوئی خرابی نہ ہو۔ ٹرانسپورٹ کی بڑھتی ہوئی مانگ کو دیکھتے ہوئے ٹرانسپورٹرز بھی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں اور ایک دن کیلئے گاڑیوں کا کرایہ دوگنا کردیا ہے، دو ہزار روپے میں کرائے پر ملنے والی گاڑی کا کرایہ چار ہزار روپے فی دن کردیا گیا ہے۔ امیدواروں کی جانب سے صبح 8بجے سے لیکر شام 6بجے تک گاڑیوں کی بکنگ کرائی گئی ہے، ٹرانسپورٹرز نے 10گھنٹے کے حساب سے قیمتیں وصول کرنے کے علاوہ وقت زیادہ ہونے پر مزید رقم وصول کرنے کی شرط بھی عائد کی ہے۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ساتھ امیدواروں نے اپنے حمایتی، دوست و احباب کوبھی کہا ہوا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میںگھروں سے پولنگ اسٹیشن تک پہنچا ئیں۔