کراچی‘سکھر (جنگ نیوز‘بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نےحنیف عباسی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنیادی آئینی حقوق سب کو ملنے چاہئیں‘مخالف کو نا اہل کرو، جیل میں ڈالو اور شیخ رشید کو جتواؤ، ان فیصلوں سے الیکشن کی ساکھ کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے‘دنیاکو پاکستان میں پری پول دھاندلی نظر آرہی ہے‘عوام انتخابات میں درست قیادت کا انتخاب کریں‘ اگر خدانخواستہ جمہوریت کو نقصان پہنچا تو اس کے انتہائی منفی اثرات پاکستانی معیشت پر مرتب ہونگے‘ ملک کو درپیش بحرانوں سے صرف پیپلز پارٹی ہی نکال سکتی ہے‘مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ناقص کارکردگی کے باعث ملک ایک بار پھر بحرانوں میں پھنس چکا ہے۔ پیر کو روہڑی میں منعقدہ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے خورشیدشاہ نے کہاکہ ن لیگ کی حکومت کی ناقص پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے‘ ملکی معیشت مستحکم ہونے کے ن لیگی حکومت کے دعوے کہاں گئے؟ ۔علاوہ ازیں گزشتہ روزایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میں سیاستدان ہوں اور مسلم لیگ(ن) سے میرا حد درجہ سیاسی اختلاف ہے لیکن حنیف عباسی کے خلاف جو فیصلہ آیا ہے اس پر مجھے بہت افسوس ہوا۔