آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ نے راولپنڈی میں ووٹ کاسٹ کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف راولپنڈی میں پی پی 11 کے پولنگ اسٹیشن 45 پر اپنی اہلیہ کے ہمراہ آئے اور ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے پیغام دیا کہ عوام باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم دشمن قوتوں کو ووٹ کے ذریعے شکست دیں گے۔ ہم پاکستان کے خلاف کام کرنے والی دشمن قوتوں کا نشانہ ہیں، ہم نے ان قوتوں کو ناکام بنانے کیلئے طویل سفر طے کیا ہے ۔
آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم دشمن قوتوں کو شکست دینے کے لیے متحد اور مضبوط کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ آج ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔