جنیوا (اے پی پی) شہرہ آفاق سوئس سٹار اور ریکارڈ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن راجر فیڈرر آرام کی غرض سے آئندہ ماہ کینیڈا میں شیڈول راجرز کپ ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے۔ عالمی نمبر دو 36 سالا فیڈرر رواں سال اب تک چھ سنگلز ایونٹس کھیل چکے ہیں جس میں سے انہوں نے تین ٹائٹلز اپنے نام کئے، انہوں نے جنوری میں آسٹریلین اوپن جیت کر کیریئر کا 20واں گرینڈ سلام ٹائٹل جیتا تھا، اس کے علاوہ انہوں نے روٹرڈیم اور سٹورٹ گارٹ اوپن ٹائٹلز بھی جیتے تھے۔ فیڈرر نے راجرز کپ سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کیریئر کو طول دینے کیلئے یہ فیصلہ کیا، بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ ورک لوڈ کو مینیج کیا جائے صرف یہی راستہ ہے کہ میں خود کو انجری سے بچا کر کھیل جاری رکھ سکوں۔