• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران اسلام آباد،شہباز لاہور، بلاول نے لاڑکانہ میں ووٹ کاسٹ کیا

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)مختلف سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے سربراہوں اور اہم رہنمائوں نے اپنے آبائی حلقوں میں اپنے ووٹ کاسٹ کئے ۔ شہباز شریف ، شاہد خاقان عباسی، مولانا فضل الرحمن، سراج الحق، فاروق ستار، سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے عام شہریوں کیساتھ لائن میں لگ کر ووٹ ڈالے،آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور صدر ممنون حسین نے سخت سیکورٹی میں اپنے ووٹ کاسٹ کئے۔صدر مملکت ممنون حسین نے اپنی اہلیہ خاتون اول بیگم محمودہ ممنون کے ہمراہ کراچی ، مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف نے لاہور، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے این اے 53 اسلام آباد ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ڈیرہ اسماعیل خان، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے نوابشاہ،لیگی رہنما سردار ایاز صادق نے لاہور میں گڑھی شاہو ، اسد عمر نےاسلام آباد، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دیر، خورشید شاہ نے سکھر، فریال تالپور نے نوڈیرو ،ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال اور آزاد امیدوار جبران ناصر نے کراچی، خواجہ سعد رفیق نے ڈیفنس لاہور، جہانگیر ترین اور انکے صاحبزادے علی ترین نے لودھراں ، آصف علی زرداری نے نوابشاہ اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے سعودی عرب سے آکر لاہور میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ، راحیل شریف نے بغیر کسی پروٹوکول لائن میں کھرے ہوکر ووٹ ڈالنے کیلئے اپنی باری کا انتظار کیا،شہریوں نے راحیل شریف کوپولنگ سٹیشن میں جانے کی استدعا کی مگر راحیل شریف نے کہا وہ اپنی باری پر پولنگ اسٹیشن جائینگے اور اپنا ووٹ کاسٹ کرینگے، ووٹ کاسٹ کرنے کےبعدشہریوں نے ان سے پوچھا آپ نے ووٹ کس کو دیا تو راحیل شریف نےکہا ووٹ امانت ہے، جس کو حق دار سمجھتا تھا اس کو دیاہے ۔چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے لاہور کےگورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی اسکول برکت مارکیٹ میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ حق رائے دہی کا استعمال کیا۔مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ووٹ ڈالا۔
تازہ ترین