تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ میں نے مولانا فضل الرحمان کی سیاست دفن کرنے کا پختہ عزم کیا ہوا ہے۔
گزشتہ روز ہونے والی متحدہ مجلس عمل کی آل پارٹیز کانفرنس میں ایم ایم اے اور دیگر جماعتوں کی جانب سے دوبارہ انتخابات کا مطالبہ سامنے آنے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان جیسے چاہیں نتائج کی جانچ کے لیے تیار ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے چاہیں ان کی جماعت نتائج کی جانچ کے لیے تیار ہے، وہ ووٹوں کی گنتی کرانا چاہیں تو وہ تیار ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے چیلنج کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی مرضی کے انتظامات کیے جائیں تو بھی ہم مقابلے کے لیے تیار ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان کبھی دوبارہ انتخاب میں اترنےکی حماقت نہیں کریں گے، وہ جانتے ہیں کہ اب شکست کا مارجن دگنا ہوگا۔