نانچینگ، چین ( جنگ نیوز ) چین کی سیکنڈ سیڈ وینگ قیانگ نے کیریئر کا پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹینس ٹائٹل جیت لیا۔ انہیں یہ کامیابی جیانگژی اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں ہم وطن حریف ژینگ سائیسی کے ریٹائرڈ ہرٹ ہوجانے پر ملی، لیکن اس وقت وہ 7-5 اور 4-0 سے خسارے میں تھیں۔ وینگ نے میچ کے دوران حریف کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ کئی بار ان کی سروس بریک کی ۔ خیال رہے کہ ژینگ گذشتہ برس ستمبر سے لے کر رواں سال مارچ تک فٹنس مسائل کے سبب سرکٹ سے باہر تھیں۔ انہوں نے پہلے سیٹ کے بعد بھی اسی قسم کی شکایت کی تھی البتہ دوسرے سیٹ میں وہ کھیل جاری نہ رکھ پائیں۔ وینگ ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل حاصل کرنے والی چین کی آٹھویں خاتون پلیئر ہیں۔ادھر گستاڈ میں اٹلی کے ماٹیو بریتینی نے سیکنڈ سیڈ رابرٹو باتستا اگوت کو اسٹریٹ سیٹس میں زیر کرکے سوئس اوپن ٹینس چیمپئن جیت لی۔ عالمی نمبر 17 اگوت انجری مسائل سے چھٹکارا پاکر کئی ماہ کے بعد کورٹس میں واپس آئے تھے۔ انہوں نے فائنل میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔ لیکن 22 سالہ بریتینی کا جوش اگوت کے تجربے پر غالب آگیا۔ اطالوی کھلاڑی نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7-6(9)6-4سے کامیابی حاصل کرلی اور کیرئیر میں پہلی بار اے ٹی پی ٹورنامنٹ میں چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔اہم بات ہے کہ انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران ایک سیٹ بھی نہیں ہارا۔