سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر کے نواحی گاؤں ڈرگ بھٹ میں خسرے کے مرض میں مبتلا دو بچیاں جاں بحق ہوگئیں، محکمہ صحت نے کوئی نوٹس نہیں لیا، متعدد بچے خسرے کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث علاقہ مکین سخت پریشانی سے دوچارہیں۔ جے یو آئی سٹی سکھر کی جانب سے محکمہ صحت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین مفتی اعظم مہر، قاری غلام مرتضیٰ مہر ودیگر نے الزام عائد کیا کہ ہمارے گاؤں ڈرگ بھٹ میں متعدد بچے خسرے کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ ایک روز قبل دو سالہ بچی فائزہ اور پانچ سالہ بشریٰ خسرے کے مرض کے باعث جاں بحق ہوگئی ہیں لیکن محکمہ صحت سکھر کوئی بھی اقدامات نہیں کررہی ہے جس کے باعث خسرے کے مرض میں مبتلا بچوں کے والدین سخت پریشانی سے دوچار ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ صحت کی جانب سے پنوعاقل میں موبائل ٹیمیں بھیج کر خسرے کے مرض میں مبتلا بچوں کا علاج ومعالجہ کیا جائے اورمعصوم بچوں کی زندگیوں کو بچانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔