لاہور( نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ بد ترین دھاندلی کے باوجود بھی اتنی نشستیں ملنا معجزے سے کم نہیں، جہاز پر گھومتا نا اہل ترین شخص منتخب نمائندوں کی بولی لگاتاپھر رہا ہے،الیکشن کمیشن اور ذمہ دار ادارے پی ٹی آئی کے کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں، پوری قوم حق خود ارادیت پر ڈاکے کے خلاف سراپا احتجاج ہے،جہاں دوبارہ گنتی ہوتی ہے (ن )لیگ جیت رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون میں ملاقات کیلئے آنے والے نو منتخب اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات کیلئے آنے والوں نے کامیابی پر حمزہ شہباز شریف کو مبارکباد اور پھولوں کے گلدستے بھی پیش کئے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ جمہوری روایات کی پاسداری کی ہے ، ہم بھرپور سیاسی جنگ لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت بنانے کا حق قوم نے ہمیں دیا ہے، اپنے قومی مینڈیٹ پر پورا پہرہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہاز پر گھومتا نا اہل ترین شخص منتخب نمائندوں کی بولی لگاتا پھررہا ہے،ذمہ دار ادارے چشم پوشی کی بجائے نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ آراوز ہمارے جیتے ہوئے حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں منظور جبکہ ہماری جانب سے دی جانے والی درخواستیں مستر د کر رہے ہیں ۔