راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کینٹ ایریاز میں واٹر میٹرنگ سسٹم پر کام تیز کر دیا گیا ہے ، خانپور ڈیم فیز تھری منصوبہ کے تحت کینٹ ایریاز میں مجموعی طور پر ساڑھے سات ہزار پانی کے میٹر لگائے جانے ہیں ، ابتدائی طور پر الہ آباد اور ویسٹریج ایریاز میں یہ میٹر لگائے جا رہے ہیں تاکہ جس قدر صارفین پانی کا استعمال کریں اس کے مطابق ان سے پانی کا بل وصول کیا جائے اور جن لوگوں کے گھروں میں تین تین روز پانی نہیں آتا ان سے پانی کا کم بل وصول ہو سکے ، کینٹ بورڈ ذرائع کے مطابق کینٹ کے مختلف ایریاز میں چار سو واٹر میٹر لگائے جا چکے ہیں ، ستمبر تک تمام میٹر لگانے کا عمل مکمل کر لیا جائے گا ، اس دوران آزمائشی طور پر ان واٹر میٹر کو چلایا جائے گا اور بورڈ سے پانی نے نئے ریٹ بھی منظور کروائے جائیں گے ، کینٹ بورڈ حکام کے مطابق واٹر میٹرنگ سسٹم سے جہاں شہری پانی کا استعمال اپنی ضرورت کے مطابق کریں گے وہاں ان لوگوں کے گھروں میں بھی پانی پہنچ سکے گا جہاں پہلے نہیں جا رہا ہے ، اگر شہری پانی ضائع کریں گے تو انہیں پتہ ہو گا کہ انہیں اس کا بل دینا پڑے گا، اس سے پانی کا ضیاع کم ہو گا ۔