• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیریئر کے آغاز میں ’کاسٹنگ کاؤچ‘ کا سامنا کرنا پڑا، ادیتی راؤ حیدری

کیریئر کے آغاز میں ’کاسٹنگ کاؤچ‘ کا سامنا کرنا پڑا، ادیتی راؤ حیدری

ممبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ اداکارہ ادیتی راؤ حیدری ایک کے بعد ایک فلم میں اپنی شاندار پرفارمنس سے شائقین کا دل جیتنے کے ساتھ ساتھ بولی وڈ انڈسٹری میں اپنی اہم جگہ بنانے میں کامیاب ہورہی ہیں۔تاہم اس کامیابی کو حاصل کرنا اداکارہ کے لیے اتنا آسان نہیں تھا، جہاں دنیا بھر کی فلم انڈسٹریز میں خواتین و اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں اور ’ریپ‘ کا نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے کہانیاں سامنے آ رہی ہیں وہیں ادیتی راؤ حیدری نے بھی انکشاف کیا کہ کیریئر کے آغاز میں انہیں ’کاسٹنگ کاؤچ‘ یعنی (کام کے بدلے جنسی تعلقات) کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی لیکن جب انہوں نے اس سے انکار کیا تو وہی کئی مہینوں تک بےروز گار رہیں۔گارجینکو ایک انٹرویو دیتے ہوئے ادیتی راؤ حیدری نے بتایا کہ انہوں نے کیریئر کے آغاز میں بہت سی مشکلات کا سامنا کیا، تاہم وہ ان سب کو پار کرکے آج اس مقام پر موجود ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے بہت بار کام دینے سے انکار کیا گیا اور میں اس بارے میں بہت روتی تھی، مجھے کوئی افسوس نہیں تھا، لیکن دکھ ہوتا تھا کہ لڑکیوں کے ساتھ کس قسم کا برتاؤ کیا جاتا ہے، میں سوچتی تھی آخر کوئی مجھ سے اس طرح بات کر کیسے سکتا ہے، کاسٹنگ کاؤچ کا سامنا کرنے کے 8 ماہ بعد تک میں بےروزگار رہی، لیکن میرا ایسا ماننا ہے کہ میرے فیصلے نے مجھے مضبوط کیا، اور اس سے ہی مجھے اندازہ ہوا کہ میں کیسا کام کرنا چاہتی ہوں‘۔انہوں نے اپنے انٹرویو میں کسی کا نام نہیں لیا۔ادیتی کے مطابق ’لڑکیوں کو بہادر بننا چاہیے، بااختیار ہونا چاہیے، انڈسٹری میں طاقت چلتی ہے، ڈر کس بات کا ہے؟ اس کا کہ کام نہیں ملے گا، اگر آپ میں ٹیلنٹ ہے تو لوگ آپ کو خود ڈھونڈ لیں گے‘۔یاد رہے کہ ادیتی راؤ حیدری نے ’پدماوت‘ جیسی کامیاب فلم میں کام کیا، اس فلم میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔واضح رہے کہ ادیتی راؤ پہلی شوبز شخصیت نہیں جس نے کاسٹنگ کاؤچ کے حوالے سے بات کی ہو۔

تازہ ترین