پیرس (جنگ نیوز) خواتین ٹینس کی عالمی تنظیم ڈبلیو ٹی اے نے عالمی درجہ بندی کی نئی فہرست جاری کردی۔ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ 7571 پوائنٹس کے ساتھ بدستور نمبر ایک ہیں۔ انہیں دوسرے نمبر پر موجود ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی پر 900 سے زائد پوائنٹس کی واضح برتری حاصل ہے۔ رواں ماہ ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ جیتنے والی جرمن اسٹار اینجلک کربر چوتھے اور امریکی سلوئن اسٹیفنز تیسری پوزیشن لیے ہوئے ہیں۔ پانچویں سے دسویں نمبر پر بالترتیب یوکرین کی ایلینا سویتلینا، فرنچ پلیئر کیرولین گارشیا، اسپین کی گاربین مگوروزا، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا، ان کی ہم وطن کیرولینا پلسکووا اور جرمن جولیا جورجیس قابض ہیں۔ سربیا سے تعلق رکھنے والے نوعمر اولگا ڈینی لووچ نے حیرت انگیز طور پر 75 درجے کی چھلانگ کرتے ہوئے 112 پوزیشن اپنے نام کرلی ہے۔ اس سے قبل وہ 187 ویں درجے پر تھیں۔ اولگا نے اتوار کو ماسکو میں ماسکو ریور کپ ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز ٹائٹل جیت تھا، وہ تین برس بعد ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتنے والی کم عمر ترین کھلاڑی بن گئی ہیں، اس سے قبل 2015 میں اینا کونجو نے ٹائٹل جیت کر کم عمر کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ فائنل میں سربین کھلاڑی اولگا نے ہم وطن کھلاڑی انستاسیا پوٹاپووا کو سخت مقابلے کے بعد 7-5، 6-7 (7-1) اور 6-4 سے زیر کیا تھا۔ رینکنگ میں انستاسیا 135 ویں نمبر پر ہیں۔