اوکاڑہ ( وارث حیدری /نمائندہ جنگ)حلقہ پی پی184اوکاڑہ سے آزاد حیثیت میں بھاری اکثریت کے ساتھ سابق صوبائی وزیر سید رضا علی گیلانی کو شکست دے کر ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والی جگنو محسن نے پنجاب اسمبلی میں اپنی آزاد حیثیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے دو روز قبل مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں شہباز شریف سے ملاقات کی ،جس کے بعد وہ دیگر سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ سے ملاقات کرنے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد چلی گئیں جہاں پر ان کی دیگر سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ سے ملاقاتیں ہوئیں جس کے بعد جگنو محسن نے فیصلہ کیا کہ وہ پنجاب اسمبلی میں اپنی آزاد حیثیت برقرار رکھیں گی۔انہوں نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ پنجاب میں جو نئی حکومت بنے گی اسے وہ اعتماد کا ووٹ دیں گی اور پنجاب میں ہونے والی مثبت اور عوام دوست قانون سازی میں بھی حکومت کو سپورٹ کریں گی۔’جنگ‘ کے استفسار پر نو منتخب ایم پی اے نے تصدیق کی کہ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی آزاد حیثیت برقرار رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئےپنجاب میں ایک مستحکم حکومت کا قیام انتہائی ناگزیر ہے اسی لئے انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ وہ پنجاب میں بننے والی حکومت کو اعتماد کا ووٹ دیں گی اور مستقبل میں جتنی بھی مثبت اور عوام دوست قانون سازی ہو گی اس میں حکومت کو سپورٹ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حلقہ کی عوام نے انہیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ووٹ دئیے میں عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے خدا کی طرف سے عطا کردہ تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاؤں گی۔