سلائو (اورنگزیب چوہدری) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو راولپنڈی کے عوام نے ایک مرتبہ پھر شاندار کامیابی دے کر ثابت کیا ہے کہ اہالیان راولپنڈی اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتے۔ تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ ایک جسم و جان ہیں۔ شیخ رشید نے جس ہمت و دلیری کے ساتھ گزشتہ سالوں میں عمران خان کے ساتھ مل کر کرپشن، ناانصافی کے خلاف جدوجہد کی وہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی مسلم لیگ برطانیہ کی مرکزی سیکرٹری جنرل بینا خان نے جنگ لندن سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا، بینا خان نے کہا کہ شیخ رشید، عمران خان کے باصلاحیت اور وفادار ساتھی ہیں، شیخ رشید کی انتخابات میں شاندار کامیابی سے اوورسیز پاکستانیوں میں انتہائی مسرت اور خوشی پائی جاتی ہے۔ پاکستان میں کرپشن اور موروثی سیاست کے خلاف شیخ رشید کا مثبت کردار یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان کے انتخابات میں تحریک انصاف کی واضح کامیابی میں شیخ رشید نے مرکزی کردار ادا کیا، جسے پاکستان کے عوام سمیت اوورسیز کمیونٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ قومی اسمبلی سمیت خیبر پختونخوا اور پنجاب میں تحریک انصاف اور اس کے اتحادیوں کی اکثریت کے باعث حکومت بنانے کا آئینی جمہوری سیاسی حق صرف تحریک انصاف اور ان کے اتحادیوں کے پاس ہے۔ عوام نے تبدیلی کے لیے ووٹ دیا ہے۔ ووٹ کی عزت کا نعرہ لگانے والے عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں۔ مسلم لیگ ن اور دیگر پارٹیاں دھاندلی کا رونا رونے کے بجائے عوام کے فیصلے کو قبول کریں، اسی میں ملک پاکستان کا مفاد ہے۔ بینا خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام سمیت اوورسیز پاکستانی عمران خان سے امید رکھتے ہیں کہ وہ حکومت میں شیخ رشید کو اہم ذمہ داری دیں گے۔