ٹھٹھہ(نامہ نگار) غلام اللہ کے دیہات میں خسرے کی وبا پھیل گئی، گذشتہ ایک ہفتے کے دوران پانچ بچے جاں بحق، متعدد بچے تاحال خسرے کی بیماری میں مبتلا۔ تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ کی یونین کونسل غلام اللہ کے مختلف دیہات میں خسرے کی وبا پھیل گئی ہے جس کے باعث اس وقت درجنوں بچے مذکورہ مرض میں مبتلا ہیں جبکہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران غلام اللہ کے گاؤں میر محمد جونیجو اور گاؤں غلام سموں میں پانچ کمسن بچے 3 سالہ صدام ولد خان محمد جونیجو، 2سالہ دلبر ولد کریم بخش جونیجو، 2 سالہ شاہدہ بنت رب ڈنو جونیجو اور 4سالہ تماچی ولد مولیڈنو سموں، دلبر ولد بکھر بلوچ خسرے کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث انتقال کر چکے ہیں جبکہ مذکورہ گوٹھوں کے علاوہ خان محمد کانہہ، جمن بروسر، بابو ساہڑ، موندر بلوچ سمیت دیگر میں اس وقت متعدد بچے خسرے کے مرض مبتلا ہیں۔ دریں اثنا اطلاع ملنے پر محکمہ صحت کی جانب سے متاثرہ دیہات کی جانب امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں جنہوں نے بچوں کو خسرے سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کا عمل شروع کردیا ہے۔