• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی تائید کے بغیر جدید معاشروں کی تشکیل ممکن نہیں، ڈپٹی کمشنر ملتان

ملتان(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک نے جامعہ زکریا انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس میں ’’پبلک پالیسی کی کامیابیاں و ناکامی‘‘کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید معاشرے عوامی تائید اور رائے عامہ کی شرکت کے بغیر تشکیل نہیں پاتے۔ اس لئے حکومتوںکو کامیاب پبلک پالیسی بنانے کے لئے عوامی رائے کو ترجیح دینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پالیسی ساز پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ نئی نسل کے ہاتھ میں کتاب تھماتا ہے یا بندوق، اسی طرح ناکام پالیسیوںکی سزاکئی نسلیں بھگتتی ہیں۔ملتان کی ضلعی حکومت اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا کر ملتان کے شہریوںکو صحت، تعلیم اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔انہوںنے کہا کہ جامعہ زکریا کے اساتذہ اور طالبعلم سول سوسائٹیزکی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ملتان کی ضلع میں صحت و تعلیم کے شعبے میں خدمات قابل تحسین ہیں۔سیمینار کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ملتان کو پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک نے یاد گاری شیلڈ پیش کی ۔ سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود انصاری ،پروفیسر ڈاکٹر اکبر انجم، ڈاکٹر ہما علی ، ڈاکٹر محمد عرفان سمیت بڑی تعدادمیں اساتذہ و طلباء طالبات نے شرکت کی ۔
تازہ ترین