سین جوز ( جنگ نیوز ) برطانیہ کی یوہانا کونٹا کا سلیکون ویلی ٹینس چیمپئن شپ میں سفر کامیابی سے جاری ہے، انہوں نے سرینا ولیمز کے بعد ایک اور امریکی حریف کو ٹھکانے لگادیا، اس بار ان کی شکار سوفیا کینن تھیں جنہیں 6-1 اور 6-4 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ ادھر بیلاروس کی وکٹوریا آزارنکا نے 19سالہ روسی اینا بلانکووا پر صرف ایک سیٹ گنوا کر ہاتھ صاف کرلیا۔ اسی دوران سیکنڈ سیڈ اسپین کی گاربین مگوروزا انجری کے سبب ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئیں۔ دریں اثنا واشنگٹن میں جاری سٹی اوپن چیمپئن شپ میں ٹاپ سیڈ امریکا کی سلوئن اسٹیفنز کو جرمنی کی اینڈریا پیٹکووچ نے سخت مقابلے کے بعد 2-6، 6-4، 6-2 سے ہراکر سنسنی پھیلا دی۔مردوں کے مقابلے میں سابق عالمی نمبر ایک برطانیہ کے اینڈی مرے نے ہم وطن کائل ایڈمنڈ کا چیلنج رفع کرکے اپنی فٹنس اور فارم کا ایک اور ثبوت پیش کیا۔ 31 سالہ مرے نے ایک سیٹ گنوانے کے بعد مقابلہ 2-1 سے اپنے نام کیا۔ ٹاپ سیڈ جرمن الیگزینڈ زیوریف نے تیونس کے مالک جزیری کو آسانی کے ساتھ 6-2، 6-1 سے مات دیدی۔