• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خورشید شاہ اسپیکر کیلئے نامزد، وزیراعظم اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے اعلان جلد ہوگا، اپوزیشن

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی نے سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو اسپیکر قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کردیا۔گزشتہ روز ہم خیال جماعتوں کے گرینڈ الائنس کی اے پی سی میں اسمبلی میں حلف اٹھانے اور وزیراعظم سمیت اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ہم خیال جماعتوں نے وزیراعظم کا امیدوار اکثریت کےباعث مسلم لیگ (ن) سے لانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اپوزیشن اتحاد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے اعلان جلد ہوگا۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مطابق پیپلزپارٹی نے خورشید شاہ کو اسپیکر قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کردیا ہے اور وہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے امیدوار ہوں گے۔ ترجمان چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر کا عہدہ پیپلزپارٹی کو دیا تھا اور بلاول بھٹو زرداری نے مشاورت کے بعد خورشید شاہ کے نام کی منظوری دی۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اتحاد کی ورکنگ کمیٹی نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر حکمت عملی تیار کرتے ہوئے سات نکات تیار کرلئے جس میں سب سے پہلے پارٹیوں کی جانب سے مشترکہ اتحاد پر اتفاق کیا گیا ہے اور مبینہ دھاندلی کیخلاف وائٹ پیپر جاری کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے‘اس کے علاوہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیلئے فوری پارلیمانی کمیشن بنانے کا بھی مطالبہ کیا جائے گا ۔ دھاندلی کیخلاف دونوں ایوانوں میں موثر آواز اٹھائے جانے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔

تازہ ترین