سین جوز ، کیلی فورنیا ( جنگ نیوز ) رومانیہ سے تعلق رکھنے والی میہالا بزارنسکو نے سین جوز ٹینس چیمپئن کا ٹائٹل جیت کر ایونٹ کو اپنے لیے یادگار بنالیا۔ 30 سالہ بزارنسکو نے فائنل میں یونانی حریف ماریا سیکاری کو آسانی کے ساتھ 6-1 اور 6-0 سے ہرا کر پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹور ایونٹ جیتا ۔ فاتح پلیئر نے ماضی میں بڑی کامیابیاں حاصل نہیں کی تھیں، چار برس قبل ان کی عالمی رینکنگ 891 تھی۔ البتہ حالیہ فتح کے بعد وہ درجہ بندی میں 20 ویں نمبر پر پہنچ گئیں۔ان کا کیریئر انجریز سے بھرا ہوا ہے، انہوں نے 2004 میں ٹینس کو تقریباً خیرباد کہہ دیا تھا لیکن کئی سرجریز کرانے اور فٹنس حاصل کرنے کے بعد وہ کورٹس میں آئیں اور اب انہیں محنت کا پھل مل گیا ہے۔ ادھر واشنگٹن میں روس کی سویتیلانا کزنٹسوا نے سٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ویمنز سنگلز ٹائٹل جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد اور ڈونا ویکک کو شکست دی۔ کزنٹسوا کی فتح کا اسکور 4-6، 7-6(9-7) اور 6-2 رہا۔ جبکہ ایونٹ میں مردوں میں جرمنی کے الیگزینڈر زیوریف چیمپئن بنے۔ مینز سنگلز فائنل میں جرمنی کے الیگزینڈر نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی کھلاڑی ایلکس ڈی مینور کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-2اور 6-4سے ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔