لاہور(نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نےقصور کی کمسن زینب قتل کیس کے مجرم عمران علی کو ایک اوربچی سے زیادتی اور قتل کے کیس میں سزائے موت ،53سال قید اور 15لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق مجرم عمران علی نے تہمینہ نامی ایک کمسن بچی کو اغواء کرکے زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں قتل کردیا تھاجس کا کیس انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں زیر سماعت تھا۔ عدالت نے گزشتہ روز مجرم عمران علی پر الزامات ثابت ہونے پر سزائے موت،53سال قید بامشقت اور 15لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ۔قبل ازیں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مجرم کو 5سالہ عائشہ، 8سالہ لائبہ اور 7سالہ نور فاطمہ سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر 12 مرتبہ سزائے موت ،60لاکھ جرمانہ ، 30لاکھ دیت ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔