لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ آج پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 164 اراکین موجود تھے اور اراکین کی تعداد 180 سے 186 تک پہنچنے کا امکان ہے۔تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف، ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں مقابلہ تھا لیکن پنجاب کے عوام نے پیپلزپارٹی کو مسترد کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سے پیپلزپارٹی کو 6 قومی اور 6 صوبائی اسمبلی کی نشستیں ملیں، اگر ہم درست فیصلہ کر لیتے تو مظفر گڑھ سے بھی تین نشستیں ہمیں مل جاتیں لیکن الیکشن سے ایک بات تو واضح ہو گئی ہے کہ تحریک انصاف پاپولر ووٹ میں ابھر کر سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک کروڑ 68 لاکھ ووٹ لے کر مقبول ترین جماعت بن کر ابھری ہے ۔ پنجاب اسمبلی کے نمبر گیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ واضح اکثریت کیلئے پنجاب میں 149 ووٹ درکار ہیں لیکن ہم گولڈن نمبر سے بہت آگے نکل چکے ہیں۔