کوئٹہ‘اسلام آباد (جنگ نیوز‘ایجنسیاں)تحریک انصاف کے رہنماءشاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ مخالفین تیس سے زائد حلقے کھلواچکے مگرانہیں سبکی ہوئی ہے‘ عمران خان سے نفرت کرنے والے یکجاہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مرکز میں حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف اوربی این پی( مینگل) میں معاہدہ طے پاگیا۔کوئٹہ میں سرداراخترمینگل کے ساتھ طویل بات چیت کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ملاقات کے بعد پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نےجہانگیرترین اور بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ʼبی این پی کے ساتھ ہماری تفصیلی اور کامیاب نشست ہوئی جس میں ہم نے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا، جبکہ مذاکرات کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ʼمذاکرات میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ بلوچستان کے وسائل پر صوبے کے لوگوں کے حق کو تسلیم کرنے اور افغان مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے معاہدہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ʼہم نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں مل کر چلیں گے اور مرکز میں بی این پی ہمارا ساتھ دے گی۔