پشاور....جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن ختم کئے بغیر پی آئی اے کے مستقبل کا کوئی فیصلہ نہیں ہوسکتا۔حکومت پی آئی اے ملازمین کو منافع میں شریک کرنے کے بجائے ان کا قتل عام کروا رہی ہے۔
نواز شریف کو بادشاہ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پشاور میں پی آئی اے کے احتجاجی ملازمین سے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے پی آئی اے کا مسئلہ سینٹ میں بھی اٹھایا ہے، ملازمین کے مفادات کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔
قومی مفاد کے لئے تمام فیڈریشنز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کریں گے۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے تمام مزدوروں سے کہتا ہوں کہ پی آئی اے ملازمین کا ساتھ دیں۔ پاکستان کو بچانے کے لئے بادشاہت کا راستہ روکنا ہوگا ۔
وزیر اعظم ملازمین کے قتل عام پر پی آئی اے ملازمین سے معافی مانگیں۔پی آئی اے کے اصل وارث ملازمین ہیں۔ قومی ادارے کو کوڑیوں کے دام بیچنے نہیں دیں گے۔امیر جماعت اسلامی نے پی آئی اے کے شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرائی۔