اسلام آباد (اے پی پی) چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنےکہاہے کہ مجھے اپنے بہن بھائیوں کی طرح خواجہ سراؤں سے بھی پیاراورمحبت ہے،میں خواجہ سرائوں کویقین دلاتاہوں کہ عدالت ان کے حقوق کا تحفظ کرے گی ، وہ جمعرات کویہاں خواجہ سراؤں کے حقوق اور فلاح و بہبودکے موضوع پرمنعقدہ ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے ۔ چیف جسٹس نے کہا خواجہ سرا بھی ہمارے بھائی بہنیں ہیں ان کی محرومی اللہ کی طرف سے ہے مگرافسوس ہمارا رویہ ان کے ساتھ مناسب نہیں ہوتا جس سے ان کی محرومی بڑھ جاتی ہے، انہوں نے کہا خواجہ سرا جب پیدا ہو جاتے ہیں تو اپنے گھر سے دور کر دیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کو ذریعہ معاش میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، ہم خواجہ سراؤں کے حقوق کے مکمل تحفظ کے ساتھ خواجہ سراؤں کے احترام کے حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائیں گے۔