متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں کہ مولانافضل الرحمان خوش قسمت ہیں کہ انہیں ’را‘‘کاایجنٹ نہیں کہا گیا۔
انہوں نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے باہر فضل الرحمان کو تقریر میں ایسانہیں کہنا چاہیے تھا۔
ایم کیوایم رہنما فاروق ستار نے مزید کہا کہ غلطی سے ہم میں سے کوئی ایسا کہہ دیتا تو ہمارے خلاف ’را‘ کا ایجنٹ ہونے کی مہر لگ جاتی۔
ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سے بات چیت ہوسکتی ہے، اس سے غیر واجبی رابطہ ہے، پیپلز پارٹی سے صوبائی حکومت بنانے پر کوئی بیٹھک یا مکالمہ نہیں ہوا۔
فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے بہتر ورکنگ ریلیشن کی ہمیشہ ایم کیوایم کی خواہش رہی ہے، ضمنی انتخابات میں میرے الیکشن لڑنے کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 10سال میں بےپناہ کرپشن بھی دیکھنےمیں آئی ہے، پیپلز پارٹی حکومت کے دور میں سندھ کے شہری اور دیہی عوام میں فرق بڑھاہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کے سابق وزراءکے خلاف کرپشن کے180 مقدمات روک دیے گئے، کرپشن پی پی کے وزراء نے کی اور کارروائیاں سندھ کے شہری علاقوں میں کی گئیں۔