• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈالر کا زوال قریب ہے، عوام سونا اور کرپٹو کرنسی خریدیں، کِم ڈاٹ کام

کراچی (نیوز ڈیسک) انٹرنیٹ کے شعبے کی معروف لیکن متنازع کاروباری شخصیت کم ڈاٹ کام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکی ڈالر پر انحصار ختم کر دیں، کیونکہ یہ جلد ہی زوال کا شکار ہونے والا ہے، اور سونے اور کرپٹو کرنسیوں میں سرمایہ لگائیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ہانگ کانگ میں قائم آن لائن کمپنی میگا اپلوڈ کے بانی نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دنیا کے مختلف ملکوں پر پابندیاں عائد کرنے، جوابی پابندیوں کا شکار ہونے اور بڑھتے ہوئے قرضوں کی وجہ سے امریکی معیشت دھڑام سے زمین بوس ہو جائے گی اور وہ دیوالیہ ہو جائے گا جس سے دیگر ملکوں کی معیشتوں پر بھی شدید منفی اثرات مرتب ہوں گے، یہ سب مستقبل قریب میں ہونے والا ہے۔ کم ڈاٹ کام کا کہنا تھا کہ امریکا کا قرضوں کا بوجھ اس قدر بڑھ چکا ہے کہ اب اسے سنبھالنا نا ممکن ہوگیا ہے کیونکہ امریکی حکومت قرضوں کے بوجھ تلے دبی معیشت کو ہر سال مزید کھربوں ڈالرز کا قرضہ لے کر مزید نقصان پہنچا رہی ہے، یہ قرضہ اتنا بڑھ چکا ہے کہ اب اسے چکانا ممکن نہیں رہا۔ کم ڈاٹ کام نے کہا کہ اوسطاً ہر امریکی شہری اب 9؍ لاکھ 38؍ ہزار ڈالرز کا مقروض ہو چکا ہے، جو کوئی بھی یہ سمجھتا ہے کہ قرضوں کا مسئلہ شرح نمو میں اضافے سے حل کیا جا سکتا ہے یا مزید ڈالرز چھاپے جا سکتے ہیں تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ملکوں کی جانب سے ڈالر کی چھوڑ کر اپنی کرنسیوں میں تجارت کرنے کی وجہ سے ڈالر غیر مستحکم کرنسی بن چکا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے روس کے وزیر خارجہ کا حوالہ بھی دیا کہ روس نے نمایاں طور پر امریکی اثاثہ جات میں سرمایہ کاری میں کمی کر دی ہے کیونکہ ادائیگیوں کے حوالے سے ڈالر غیر مستحکم ہے۔ واضح رہے کہ جرمن اور فن لینڈ نژاد کم ڈاٹ کام فی الوقت نیوزی لینڈ کے شہری ہیں اور امریکا اس کی حوالگی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے جس کے بعد ان پر میگا اپ لوڈ سے متعلق فراڈ کا مقدمہ چلایا جائے گا۔
تازہ ترین