وزیر آباد (نامہ نگار) وزیر آباد ریلویز جنکشن کے قریب پٹڑی کو عبور کرتے ہوئے 63 بکرے ٹرین کی زد میں آ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق، ڈیرہ اسماعیل خان سے چند بیوپاری حضرات اپنے بکرے فروخت کرنے وزیر آباد آئے تھے۔ گزشتہ روز ایک بیوپاری جانوروں کو اکیلے ہی لے کر منڈی جا رہا تھا کہ وزیر آباد ریلویز جنکشن سے 2 کلو میٹر دور کوٹ حسین خان کے قریب حادثہ پیش آ گیا۔ بکروں کا مالک گل زمان خان ڈیرہ اسماعیل خان کا رہائشی ہے جو عید پر بکرے فروخت کرنے کیلئے وزیر آباد آیا تھا۔ حادثہ کے بعد بیوپاری گل زمان بھی موقع سے غائب ہو گیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق، ان بیوپاریوں کا تقریباً 20 لاکھ کا نقصان ہوا ہے۔ ریلویز پولیس اور مقامی لوگوں نے مردہ بکروں کو ہٹا کر ٹریک کو کلیئر کر دیا ہے جس کے بعد ٹرین بھی اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گئی ہے۔ ریلویز پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔