• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبدالقدوس بزنجو نئے اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوگئے

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو 15ویں اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہو گئے۔وہ 39 ووٹ لے کر اسپیکر منتخب ہوئےہیں۔

بلوچستان اسمبلی اسپیکر کے لیے مجموعی طور پر 59ووٹ ڈالے گئے جس میں سے عبدالقدوس بزنجو 39 ووٹ لے کر اسپیکر منتخب ہوئےتاہم ان کے مد مقابل جمعیت علمائے اسلام (ف) کے محمد نواز 20 ووٹ حاصل کرسکےجبکہ ن لیگ کے نواب ثناءاللہ زہری ووٹ ڈالنے ایوان میں نہیں آئے۔

بعدازاں سبکدوش اسپیکر راحیلہ درانی نے عبدالقدوس بزنجو سے نئے اسپیکر کے عہدے پر حلف لیا،وہ 4 جون 2013 سے 22 مئی 2015 تک ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔

نومنتخب اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے راحیلہ حمید درانی کو پاکستانی پرچم کا بیج پیش کیا اور مبارکباد دی جس کے بعد عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان اسمبلی کے ایوان میں اسپیکر کی نشست سنبھال لی۔

اس موقع پر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ اسپیکر کے انتخاب میں ساتھ دینے والی جماعتوں کا مشکور ہوں، میرے لیے سب برابر ہیں، کوشش ہو گی کہ ایوان کو غیرجانبداری سے چلاؤں، ایوان میں بیٹھے لوگ بلوچستان کی روایت کو برقرار رکھیں، ایوان میں احتجاج ضرور کریں مگر اسے مچھلی بازار نہ بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی کام نہ کریں جس پر اسپیکر کو سخت قدم اٹھانا پڑے، ہم سب اچھی روایت کے ساتھ آگے بڑھیںجبکہ راحیلہ درانی نے بہت اچھے طریقے سے ایوان چلایا جس پر سکبدوش اسپیکر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

تازہ ترین